سی پیک کااگلامرحلہ بزنس ٹوبزنس انتظامات پرمشتمل ہو گا،وزیراعظم

کراچی،اسلام آباد: (بیورورپورٹ)وزیراعظم شہبازشریف نے کہاہے چین اورپاکستان عظیم دوست ہیں،دونوں ممالک کی ہمالیہ سے بلند، سمندروں سے گہری اورشہد سے میٹھی دوستی وبھائی چارہ تعلقات کو اب سرمایہ کاری،معاشی وتجارتی تعلقات بالخصوص زراعت، انفارمیشن ٹیکنالوجی، معدنیات وکان کنی ،بنیادی ڈھانچے کے شعبوں میں تعاون کی صورت میں تبدیل کررہے ہیں، چین پاکستان اقتصادی راہداری کااگلامرحلہ بنیادی طورپر بالخصوص صنعتی شعبے میں بزنس ٹوبزنس انتظامات پرمشتمل ہو گا،ان خیالات کااظہار انہوںچین سمیت پاکستان میں کاروبارکرنے والے بین الاقوامی کمپنیوں کے نمائندوں سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

شہبازشریف نے کہاچینی ہم منصبوں کےساتھ مشاورت کے بعد پاکستان کے طلباوطالبات چینی یونیورسٹیوں میں ریفریشرکورسز کریں گے،پاکستان زرعی معیشت کاحامل ملک ہے، ملک کی 60 فیصدآبادی دیہی علاقوں میں رہائش پذیرہیں، پاکستان کوزرعی پیداوارمیں اضافے کی ضرورت ہے،گزشتہ سال زرعی برآمدات میں 3 ارب ڈالرکااضافہ ہوا،جاری مالی سال کیلئے پاکستان نے 7 ا رب ڈالرتک بڑھانے کا ہدف مقررکیا،حصول کیلئے کوششوں کی ضرورت ہے،پاکستان کو زرعی پیداوارمیں اضافے کیلئے جدیدٹیکنالوجی و جدیدطریقوں اپنانے اوربرآمدات کیلئے ویلیوایڈڈ مصنوعات کی ضرورت ہے، اہداف کے حصول میں چین پاکستان کااہم شراکت دار ملک بن سکتاہے۔

وزیراعظم نے کہاچینی وفد کی موجودگی حوصلہ افزا ہے،چینی تاجروں کو پاکستانی تاجروں کےساتھ بزنس ٹوبزنس معاہدے کرنے چاہئیں،سی پیک کا اگلامرحلہ بنیادی طورپر صنعتی شعبے میں بزنس ٹوبزنس انتظامات پرمشتمل ہوگا، ٹیکسٹائل انڈسٹری و زرعی پیداوار کے شعبہ جات میں مشترکہ منصوبے شروع ہوں گے، دوستی نہ صرف ہمالیہ سے بلندہے بلکہ آسمانوں کوچھورہی ہے،پاکستان نے چین کے تعاون سے سیارہ خلاءمیں بھیجا،دونوں ممالک کے درمیان تعلقات کو سی پیک کے فیزٹو میں مزید تجارتی ومعاشی تعلقات کی صورت میں تبدیل کیا جائے گا۔

دریں اثنا دوسری بین الاقوامی فوڈ اینڈ ایگریکلچر نمائش کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم شہبازشریف نے کہا پاکستان میں زرعی برآمدات میں اضافے کے وسیع مواقع موجود ہیں، جدید ٹیکنالوجی و تحقیق و ترقی کے ذریعے برآمدات میں اضافہ ممکن ہے،حکومت کاشتکاروں ،برآمد کنندگان کو سہولیات فراہم کرنے کےلئے پرعزم ہے، وفاق ،صوبوں کو ملکر زرعی شعبے کی ترقی پر توجہ دینی ہے، آئندہ سال کےلئے زرعی برآمدات کا ہدف 7 ارب ڈالر ہونا چاہیے،ہر سال ایک ہزار گریجویٹس کو زرعی تربیت کےلئے چین بھجوایا جائے گا،ارشد ندیم نے اولمپکس میں طلائی تمغہ جیت کر ملک کا سر فخر سے بلند کر دیا، وطن واپسی پر شاندار استقبال کیا جائے گا۔

شہبازشریف نے کہازرعی ماہرین کی خدمات سے زرعی پیداوار میں اضافہ کیا جا سکتا ہے،ریسرچ و ڈویلپمنٹ کی طرف توجہ بڑھانے کےلئے کام کرنا ہوگا،چھوٹے و درمیانے درجے کی صنعتوں کےلئے دیہی علاقوں میں قرضوں کی فراہمی بڑھانے کی ضرورت ہے، دیہی علاقے ترقی کریں گے تو ملک ترقی کرے گا، بلوچستان میں بجلی پر چلنے والے 28 ہزار ٹیوب ویلز کو شمسی توانائی پر منتقل کرنے کی منظوری دی گئی ، حکومت ایک ہزار طلبہ کو جدید زرعی تربیت کےلئے چین بھجوائے گی۔

وزیراعظم نے کہاپاکستان کے سعودی عرب، یو اے ای، قطر، کویت اور ترکیہ کے ساتھ منفرد تعلقات ہیں،خلیجی ممالک کےساتھ نہ صرف برآمدات ،معدنیات و دیگر شعبوں میں تعاون کو فروغ دے سکتے ہیں بلکہ مشترکہ زرعی منصوبے شروع کیے جا سکتے ہیں،اگر محنت کو شعار بنائیں تو ہر مشکل آسان ہو سکتی ہے،بعد ازاں وزیراعظم نے دوسری بین الاقوامی فوڈ اینڈ ایگریکلچر نمائش کا افتتاح کیا اور مختلف سٹالز کا معائنہ کیا۔

مزید برآں وزیر تجارت و کسٹمز ڈاکٹر عمر بولات کی سربراہی میں ترک سرمایہ کاروں کے اعلیٰ سطح کے وفد سے گفتگوکرتے ہوئے وزیر اعظم شہباز شریف نے کہا پاکستان ،ترکیہ کے درمیان تجارتی تعلقات کو فروغ دینے کے خواہاں ہیں، دوطرفہ تجارتی حجم 5 ارب ڈالر سالانہ تک لے جانے کیلئے ترجیحی بنیادوں پر اقدامات کر رہے ہیں،دونوں ممالک کے عوام میںمثالی برادرانہ تعلقات صدیوں پر محیط ہیں، ترکیہ ،پاکستان ایک قوم دو ریاستیں ہیں،متعلقہ حکام ترکیہ کے سرمایہ کاروں کو ہر قسم کی سہولت فراہم کریں۔

شہبازشریف نے ترکیہ کے صدر کو جلد پاکستان کا دورہ کرنے کی دعوت کا اعادہ کرتے ہوئے کہاپاکستانی عوام ترکیہ کے صدر رجب طیب اردگان کے دورے کے منتظر ہیں،سرمایہ کار وفد کا دورہ پاکستان میں ترکیہ کی سرمایہ کاری میں اضافے کیلئے خوش آئند ثابت ہوگا،ترکیہ کے وزیر تجارت نے کہا54 ترک سرمایہ کار کمپنیوں کی پاکستان میں سرمایہ کاری کا موجودہ حجم 3.5 ارب ڈالر ہے،ترکیہ کے سرمایہ کاروں نے پاکستان میں سیاسی و معاشی استحکام پر اطمینان کا اظہار کیا۔

علاوہ ازیں انسداد پولیو پر اہم جائزہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے وزیراعظم شہباز شریف نے پولیو کے مکمل خاتمے کے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے کہا نئے پولیو کیسز کا سامنے آنا تشویشناک ہے، صوبائی حکومتوں و شراکت داروں کے تعاون سے پولیو جیسی موذی بیماری کو شکست دیں گے،اجلاس میںوزیراعظم کی قیادت میں چاروں صوبائی ، گلگت اور حکومت آزاد جموں و کشمیر نے ملک سے پولیو کے مکمل خاتمے کےلئے عزم ظاہر اور تمام وفاقی اکائیوں نے انسداد پولیو کےلئے مشترکہ کوششوں پر اتفاق کیا ،شہبازشریف نے کہاپولیو کے مکمل خاتمے کےلئے اپنے آہنی عزم کا اعادہ کرتے ہیں،پاکستان میں صحت کی دیکھ بھال کے نظام خصوصاً انسداد پولیو کےلئے غیر معمولی مدد و تعاون پر بل گیٹس فاﺅنڈیشن کا شکریہ اداکرتے ہیں،پولیو کے خاتمے کےلئے ہول آف دی گورنمنٹ اپروچ اپنائی گئی،پوری کوشش ہے 2025 تک موذی وائرس کا مکمل خاتمہ کریں،پولیو کے مکمل خاتمے کےلئے ریاست کے تمام وسائل بروئے کار،ہر بچے کو ویکسین کی متعدد خوراکیں دی جائیں۔

دریں اثناوزیراعظم شہباز شریف ،وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ میں ہونےوالی ون آن ون ملاقات میں وفاقی حکومت کی جانب سے صوبے میں شروع کیے گئے مختلف منصوبوں کی بروقت تکمیل پر تبادلہ خیال کرتے ہوئے تیزی لانے کا فیصلہ کیا ،شہباز شریف نے وزیر اعلیٰ کو یقین دلایا حکومت چینی حکام کےساتھ مل کر کام کر رہی ہے تاکہ کے سی آر کو سی پیک کے ترجیحی منصوبے میں شامل کیا جا سکے،دونوں رہنماﺅں نے تفصیلی بات چیت کے بعد کوئلے سے چلنے والے تمام پاور پراجیکٹس کو تھر کے کوئلے پر تبدیل کرنے پر اتفاق کیا تاکہ پیداواری لاگت کو کم کیا جا سکے۔

وزیر اعظم نے کہا توانائی کی پیداوار کے مقامی ذرائع جیسے کوئلہ و قابل تجدید توانائی ملک کے لوگوں کو سستی و ریلیف فراہم کرنے کیلئے کارگر ثابت ہوں گے۔

ادھر وزیراعظم شہباز شریف نے پروفیسر یونس کو بنگلہ دیش کی حکومت کے چیف ایڈوائزر کی حیثیت سے حلف اٹھانے پر دلی مبارکباد دیتے ہوئے کہابنگلہ دیش کو ہم آہنگی و خوشحالی پر مبنی مستقبل کی طرف گامزن کرنے کےلئے کامیابی کےلئے نیک تمناﺅں کا اظہار کرتے ہیں، پاکستان ،بنگلہ دیش کے درمیان تعاون کو مزید وسعت دینے کےلئے ملکرکام کرنے کے متمنی ہیں۔