ذہین طلبہ کیلئے دانش سکولوں کے تحفہ پر شہباز شریف کا جتنا شکریہ ادا جائے کم ہے:رانا سکندر حیات

لاہور (ایجوکیشن رپورٹر) وزیر تعلیم پنجاب رانا سکندر حیات نے دانش سکولز کی سالانہ پرنسپل کانفرنس میں بطور مہمان خصوصی شرکت کی جہاں انہوں نے میٹرک امتحانات میں پوزیشن لینے پر دانش سکول کے تمام پرنسپلز کو مبارکباد پیش کی اور مجموعی طور پر دانش سکولز کی کارکردگی کو سراہا۔ اس موقع پر شرکا سے گفتگو کرتے ہوئے رانا سکندر حیات نے کہا کہ دانش سکول کے علاوہ کوئی ایسا مثالی بورڈنگ ادارہ نہیں جو کسی کو بطور ماڈل دکھایا جا سکے۔ انہوں نے کہا کہ دانش سکولز پرائیویٹ سکولوں سے بہتر تعلیمی معیار دے رہے ہیں۔ ان کا موازنہ نجی تعلیمی اداروں سے بخوبی کیا جا سکتا ہے۔ وزیر تعلیم نے کہا کہ کوالٹی ایجوکیشن پر فوکس کرنے کی وجہ سے دانش سکولز شاندار نتائج دے رہے ہیں۔ قوم کے ہونہار نونہالوں کیلئے اس تحفہ پر شہباز شریف کا جس قدر شکریہ ادا کیا جائے کم ہے۔ رانا سکندر حیات نے اگلے 5 سالوں میں پبلک سکولوں کو بھی معیار کے لحاظ سے دانش سکولز جیسا بنانے کے عزم کا اظہار کیا اور مزید کہا کہ میرا واحد ایجنڈا سرکاری سکولوں کو معیاری سکول بنانا ہے۔ میرا خواب ہے کہ پبلک سکولوں کو سنٹر آف ایکسی لینس بنا سکوں۔ انہوں نے دانش سکولوں میں او لیول، اے لیول کے آغاز کی ضرورت پر بھی زور دیتے ہوئے کہا کہ وقت آئیگا جب پبلک سکولز بھی او لیول، اے لیول کروا رہے ہوں گے۔