نشتر زون میں غیرقانونی تعمیرات کے چوری ریکارڈ کی برآمدگی، اینٹی کرپشن سے مدد لینے کا فیصلہ

لاہور (نوید چودھری) نشتر زون میں غیر قانونی تعمیرات کے چوری شدہ ریکارڈ کی برآمدگی کیلئے اینٹی کرپشن کی خدمات حاصل کرنے کا فیصلہ کرلیا گیا، 114 فائلوں کی چوری پر محکمانہ انکوائری میں موردالزام ٹھہرائے جانے والے 4 ملزمان میں شامل سابق زونل افسر پلاننگ نشتر زون سمیرا انجم چوہان، بلڈنگ انسپکٹر بلال احمد، بلڈنگ پلان کلرک اصغر اور گینگ مین وسیم سے فائلیں برآمد کرنے کیلئے ایڈمنسٹریٹر بلڈیہ عظمیٰ نے کیس اینٹی کرپشن کے حوالے کردیا ہے۔ واضح رہے کہ سابق میٹروپولیٹن آفیسر پلاننگ امین مغل کے عہدے سے فارغ ہونے کے بعد نشتر زون سے فائلیں چوری کاشور پڑنا شروع ہوا تو اس معاملے کی انکوائری لگا دی گئی جس کیلئے انکوائری افسر زونل افسر فنانس داتا گنج بخش رانا امان اللہ کا انتخاب کیا گیا۔ جنہوں نے انکوائری کے اندر فائلوں کی برآمدگی کے بغیر خزانے کو پہنچنے والے نقصان کا اندازہ نہ ہو سکنے کے باعث کیس اینٹی کرپشن کے حوالے کرنے کی سفارش کی تھی جس پر ایڈمنسٹریٹر بلدیہ عظمیٰ و ڈی سی رافعہ حیدر نے اینٹی کرپشن کو مراسلہ بھجوا دیا ہے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ انکوائری میں اصل حقائق پر پردہ پوشی کی کوشش کی گئی ہے، نچلی سطح تک پہنچ کر اصل حقائق سامنے لانے کے بجائے ملزمان کے بیان پرہی صرف 114 فائلوں کو ہی درست مان کر انکوائری کا دائرہ محدود کردیا گیا، حالانکہ ذمہ دار ذرائع کا کہنا ہے کہ نشتر زون سے چوری ہونے والی فائلوں کی تعداد200 سے بھی کہیں زیادہ ہے۔ دوسرا یہ کہ ملزمان کی فہرست سے امین مغل کا نام ختم کردیا گیا ہے جو مبینہ طور پر اس سارے معاملے کا مرکزی کردار رہا ہے، اس کے کہنے پر ہی تمام ملزمان نے اپنے اختیارات سے تجاوز کیا اور ٹرانسفر ہونے کے بعد غیر قانونی تعمیرات کا ریکارڈ ساتھ لے گئے۔چنانچہ جب تک اصل ذمہ دار کو بھی فائلوں کی چوری کے عمل میں شامل نہ کیا گیا تو اینٹی کرپشن کی ایکسرسائز بھی بے سود ثابت ہوسکتی ہے۔