بنگلہ دیش کیخلاف ٹیسٹ سیریز کیلئے پاکستان سکواڈ پر حتمی مشاورت آئندہ ہفتے ہوگی
اسلام آباد (مشرق نیوز) بنگلہ دیش کے خلاف سیریز کیلئے پاکستان ٹیسٹ سکواڈ پر حتمی مشاورت آئندہ ہفتے ہوگی۔پاکستان ٹیم نے آخری ٹیسٹ میچ جنوری میں آسٹریلیا میں کھیلا تھا اور اب ٹیسٹ اسکواڈ میں متعدد تبدیلیوں کا امکان ہے۔ذرائع کے مطابق کئی کھلاڑی فارم اور فٹنس کی بنیاد پر اسکواڈ میں جگہ برقرار نہیں رکھ سکیں گے۔محمد ہریرہ اور صاحبزادہ فرحان کو ٹیسٹ سکواڈ میں شامل کئے جانے کا امکان ہے جبکہ فہیم اشرف، وسیم جونیئر، صائم ایوب اور نعمان علی کا جگہ بنانا مشکل ہے۔علاوہ ازیں سکواڈ میں شمولیت کیلئے امام الحق کے نام پر بھی بحث ہوگی جبکہ عامر جمال اور حسن علی کی فٹنس کا جائزہ لینے کے بعد فیصلہ ہوگا۔ذرائع نے بتایا کہ ریڈ بال فارمیٹ میں ہیڈ کوچ جیسن گلیسپی کی پاکستان واپسی پر ٹیسٹ سکواڈ کو فائنل کیا جائیگا۔جیسن گلیسپی پاکستان شاہینز کے ساتھ ان دنوں ڈارون میں موجود ہیں جو بنگلہ دیش اے کیخلاف دوسرے چار روزہ میچ کے بعد پاکستان آجائیں گے۔ٹیسٹ سیریز کی تیاری کیلئے ٹریننگ کیمپ اگست کے دوسرے ہفتے میں لگایا جائیگا جبکہ پاکستان اور بنگلہ دیش کی ٹیموں کے درمیان پہلا ٹیسٹ 21اگست سے راولپنڈی میں شروع ہوگا۔



















