پاکستان 7 بڑے شعبوں میں سرمایہ کاری کیلئے چینی کمپنیوں کو مدعو کرے گا: عبدالعلیم خان

اسلام آباد (بیورو رپورٹ) وفاقی وزیر عبدالعلیم خان نے کہا ہے کہ چین اور پاکستان کی کمپنیوں کے مابین”جوائنٹ وینچرز“کیلئے حکمت عملی کو حتمی شکل دیدی گئی ہے، پاکستان 7 بڑے شعبوں میں سرمایہ کاری کیلئے چینی کمپنیوں کو مدعو کرے گا۔ہفتہ کو عبدالعلیم خان اور جام کمال خان کی زیر صدارت پاک چین تجارتی امور پر اعلیٰ سطح کا اجلاس منعقد ہوا۔اس موقع پر وفاقی وزیر نے کہا کہ چین اور پاکستان کی کمپنیوں کے مابین”جوائنٹ وینچرز“کیلئے حکمت عملی کو حتمی شکل دے دی گئی ہے،پاکستان 7 بڑے شعبوں میں سرمایہ کاری کیلئے چینی کمپنیوں کو مدعو کرے گا۔بریفنگ میں بتایا گیا کہ چین سے 78اورپاکستان سے167کاروباری ادارے شریک ہوں گے۔اعلی سطح کے اجلاس میں بریفنگ دی گئی جس میں بتایاگیا کہ طبی، آلات، پلاسٹک، کلوتھنگ، لیدر، گوشت، فروٹ و سبزیاں اور ویسٹ و چارہ شامل ہے۔وفاقی وزیر نے کہا کہ بنگلہ دیش، بھارت ، ویت نام کے مقابلے میں پاکستان میں سرمایہ کاری زیادہ پرکشش ہے۔ وفاقی وزیرنے سرمایہ کاری بورڈ کو وزیر اعظم کیلئے تفصیلات تیار و پیش کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ خارجہ، تجارت، صنعت و پیداوار، فوڈ سکیورٹی اور میری ٹائم کی وزارتوں کو آن بورڈ لیں،چین کی کمپنیوں کے اشتراک سے تجارت میں ایک ارب ڈالر کا اضافہ ہو سکتا ہے۔وفاقی وزیر سرمایہ کاری نے کہا کہ پاکستان چین سے مختلف شعبوں میں دو طرفہ تجارت کے نئے دروازے کھولنا چاہتا ہے، نئی صنعتیں وہاں لگائیں جہاں بجلی کی زیادہ سے زیادہ فراہمی ممکن ہو سکے۔وفاقی وزیر عبدالعلیم خان نے بورڈ آف انوسٹمنٹ کے حکام کو سرمایہ کاری کمپنیوں سے فوری بات چیت کی ہدایت کی۔وفاقی وزیر عبدالعلیم خان نے کہا کہ چینی کمپنیوں کے لئے بیجنگ میں پاکستانی سفارتخانے کو بھی آن بورڈ لیا جائے۔وفاقی وزیر تجارت جام کمال خان نے بھی چینی کمپنیوں اور تجارتی امور کے حوالے سے تفصیلی بات چیت کی۔وفاقی وزیر جام کمال نے وزارت تجارت کو بورڈ آف انوسٹمنٹ سے مکمل تعاون اور مشترکہ کاوشوں کی ہدایت کی۔