مجالس و جلوسوں کی مرکزی کنٹرول روم سے مسلسل مانیٹرنگ جاری ہے :خواجہ سلمان رفیق

لاہور (ہیلتھ رپورٹر) صوبائی وزیر صحت و چیئرمین کابینہ کمیٹی برائے امن و امان خواجہ سلمان رفیق نے محکمہ داخلہ کے مرکزی کنٹرول روم کا دورہ کیا۔ سیکرٹری داخلہ نور الامین مینگل، سپیشل سیکرٹری داخلہ و دیگر افسران نے کنٹرول روم کے حوالے سے صوبائی وزیر خواجہ سلمان رفیق کو بریفنگ دی۔صوبائی وزیر صحت و چیئرمین کابینہ کمیٹی برائے امن و امان خواجہ سلمان رفیق نے محرم الحرام کے حوالے سے کنٹرول روم میں مانیٹرنگ کا جائزہ لیا۔صوبائی وزیر صحت و چیئرمین کابینہ کمیٹی برائے امن و امان خواجہ سلمان رفیق نے اظہار خیال کرتے ہوئے کہاکہ صوبہ بھر کی مجالس و جلوسوں کی کنٹرول روم کے ذریعے مسلسل مانیٹرنگ کی جا رہی ہے۔تمام مجالس و جلوسوں کو چار درجاتی سکیورٹی فراہم کی جا رہی ہے۔ تمام ڈویژنز میں جا کر حکومت پنجاب کی جانب سے اتحاد بین المسلمین کا پیغام پہنچایا ہے۔ علماءکرام سے اتحاد بین المسلمین کا درس دینے کی استدعا کرتے ہیں۔خواجہ سلمان رفیق نے بتایاکہ نویں اور دسویں محرم کی مجالس و جلوسوں کیلئے سکیورٹی کے خصوصی انتظامات کئے گئے ہیں۔ نویں اور دسویں محرم کے تمام جلوسوں کے روٹس پر ہزاروں کی تعداد میں پولیس اہلکار فرائض سر انجام دیں گے اورتمام انتظامیہ کو آپس میں مضبوط کوارڈی نیشن میں رہنے کی ہدایت کی گئی ہے۔ انہوں نے کہاکہ پوری کوشش ہے کہ محرم الحرام خیریت سے گزرے۔