ہر نوجوان کو ہنرمند بنانا ویژن،حکومت پیشہ ورانہ تربیت کیلئے پرعزم ہے:مریم نواز

لاہور ( اپنے رپورٹر سے )وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے کہا ہے پنجاب کے ہر نوجوان کو معاشی خود مختاری کیلئے ہنر مند بنانا ہمارا ویژن ہے،ورلڈ یوتھ سکلز ڈے کے موقع پر اپنے ایک پیغام میں وزیراعلی پنجاب مریم نواز نے کہا ورلڈ یوتھ سکلز ڈے پائیدار مستقبل کی تعمیر میں نوجوانوں کے اہم کردار کو سمجھنے کا دن ہے، ہنر مند نوجوان ہی ہماری سرمایہ کاری اور اثاثہ ہیں، نوجوانوں کو تیزی سے بدلتی ہوئی دنیا میں ترقی کیلئے درکار مہارتوں سے روشناس کرانا چاہیے، پنجاب حکومت اپنے نوجوانوں کو پیشہ ورانہ تربیت کے مواقع فراہم کرنے کیلئے پرعزم ہے، عالمی جاب مارکیٹ میں مسابقت کیلئے نوجوانوں کیلئے انفارمیشن اینڈ کمیونی کیشن ٹیکنالوجی ناگزیر ہے، چیف منسٹر سکلز ڈویلپمنٹ انیشی ایٹو کے تحت ٹیوٹا کورسز کیلئے طلبہ کی تعداد بتدریج 40 ہزار تک کریں گے،مریم نواز نے مزید کہا طلبہ کیلئے انفارمیشن ٹیکنالوجی میں مڈل ٹیک، میٹرک ٹیک اور انٹرمیڈیٹ ٹیک متعارف کرا رہے ہیں، پنجاب کے ہر نوجوان کو معاشی خود مختاری کیلئے ہنر مند بنانا ہمارا ویژن ہے۔