تمام سٹیک ہولڈرز کے تعاون سے پولیس ٹیمیں امن و امان کیلئے کوشاں ہیں:آئی جی پنجاب

لاہور (کرائم رپورٹر) انسپکٹر جنرل پولیس پنجاب ڈاکٹر عثمان انور عشرہ محرم الحرام میں مسلسل فیلڈ میں مصروف ہیں اور مختلف ریجنز اور اضلاع میں سکیورٹی انتظامات کا خود جائزہ لے رہے ہیں۔ اسی سلسلے میں آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے راولپنڈی کا دورہ کیا اور محرم الحرام کے مرکزی جلوسوں اور مجالس کے سکیورٹی انتظامات کی انسپکشن کی۔ ایڈیشنل آئی جی سی ٹی ڈی وسیم سیال، ریجنل پولیس آفیسر راولپنڈی ریجن بابر سرفراز الپا، سی پی او راولپنڈی سید خالد ہمدانی، ایس ایس پی آپریشنز فلائٹ لیفٹیننٹ (ر)حافظ کامران اصغر سمیت سینئر افسران بھی ہمراہ تھے۔ آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے عاشورہ کے مرکزی عزاداری جلوس اور مجالس کے سکیورٹی انتظامات کا جائزہ لیا، آر پی او راولپنڈی بابر سرفراز الپا نے آئی جی پنجاب کو سکیورٹی انتظامات بارے بریفنگ دی، آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب کی ہدایت پر پنجاب بھر میں محرم الحرام کے دوران کئے گئے سکیورٹی انتظامات کا جائزہ لے رہے ہیں، مجالس /جلوس منتظمین، امن کمیٹیوں، ضلعی انتظامیہ اور سکیورٹی اداروں کیساتھ ملکر فول پروف سکیورٹی انتظامات کو یقینی بنایا گیا ہے، آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے کہا کہ تمام سٹیک ہولڈرز، علمائ، منتظمین اور شہریوں کے تعاون سے امن و امان کی فضا برقرار رکھنے کیلئے پولیس ٹیمیں شب و روز مستعد ہیں۔آئی جی پنجاب نے راولپنڈی دورے کے سیف سٹی براجیکٹ اور پولیس خدمت مرکز لیاقت باغ کا بھی دورہ کیا، آئی جی پنجاب نے خدمت مرکز میں فراہم کی جانے والی سہولیات کا جائزہ لیتے ہوئے شہریوں سے فیڈ بیک بھی لیا۔ علاوہ ازیں آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور کی ہدایت پر عشرہ محرم الحرام کے چھٹے روز لاہور سمیت صوبہ بھر میں پنجاب پولیس ہائی الرٹ رہی اور پولیس ٹیموں نے عزاداری جلوسوں اور مجالس کے سکیورٹی فرائض مذہبی جوش و جذبے کے ساتھ ادا کئے۔ ترجمان پنجاب پولیس نے بتایا کہ محرم کے چھٹے روز لاہور سمیت پنجاب بھر میں 3833 مجالس منعقد ہوئیں اور 925 عزاداری جلوس برآمد ہوئے ، صوبہ بھر میں محرم الحرام کے ان مذہبی پروگراموں کے سکیورٹی فرائض 48 ہزار 500 سے زائد افسران و اہلکاروں نے ادا کئے، 3833 مجالس کی سکیورٹی پر 28 ہزار سے زائد افسران و اہلکار ایلیٹ اور والنٹئیرز جبکہ 925 عزاداری جلوسوں کی سکیورٹی پر 20 ہزار سے زائد افسران و اہلکار تعینات رہے۔ اسی طرح صوبائی دارالحکومت میں منعقدہ 56 جلوسوں اور 416 مجالس کے سکیورٹی فرائض بھی پولیس ٹیموں نے ہائی الرٹ ہو کر ادا کئے۔ ٹریفک پولیس سمیت دیگر اہم فیلڈ فارمیشنز اور والنٹئیرز نے بھی مجالس و جلوسوں کے سکیورٹی انتظامات میں معاونت فراہم کی۔ آئی جی پنجاب کی ہدایت پر تمام آر پی اوز، ڈی پی اوز محرم سکیورٹی انتظامات کی خود نگرانی کر رہے ہیں، آئی جی پنجاب نے افسران کو ہدایت کی کہ پولیس انتہائی الرٹ رہے، مجالس، جلوسوں اور عزاداروں کی سکیورٹی پر ہرگز کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے، آئی جی پنجاب نے ہدایت کی کہ کنٹرول رومز اور سی سی ٹی وی کیمروں سے مجالس و جلوسوں کے سکیورٹی انتظامات کی لمحہ بہ لمحہ مانیٹرنگ ہر صورت یقینی بنائی جائے۔