نئی برطانوی کابینہ، پاکستانی نژاد شبانہ محمود کو اہم وزارت مل گئی

لندن (مشرق نیوز) برطانیہ کے نو منتخب وزیراعظم کیئر اسٹارمر نے اپنی کابینہ کی تشکیل پر کام شروع کردیا جس میں منجھے ہوئے اور تجربہ کار سیاستدانوں کے ساتھ ساتھ نو واردوں کو بھی جگہ دی گئی ہے۔ برطانوی میڈیا کے مطابق نو منتخب وزیراعظم کیئر اسٹارمر کی کابینہ کے وزرا کے نام سامنے آنا شروع ہوگئے۔ اینجلا رائینر کو نائب وزیر اعظم کا عہدہ دیا گیا جبکہ ریچل ریوز کا انتخاب بطور وزیر خزانہ ہوا۔

اسی طرح ڈیوڈ لیمے برطانیہ کے نئے وزیر خارجہ جان ہیلے وزیر دفاع ہوں گے۔ وزیر داخلہ کا عہدہ یوویٹ کوپر کو ملا۔ وزارت تعلیم بریجٹ فلپسن کے حصے میں آئی۔ ویس اسٹریٹنگ وزیر صحت اور ایڈ ملی بینڈ وزیر توانائی ہوں گے جب کہ پاکستانی نژاد شبانہ محمود کو وزیر انصاف بنادیا گیا۔

یاد رہے کہ برطانیہ میں ہونے والے عام انتخابات میں 650 میں سے 412 نشستیں حاصل کرکے لیبر پارٹی حکومت بنانے کی پوزیشن میں آگئی جبکہ 14 سال سے برسراقتدار کنزرویٹو نے 121 سیٹیں حاصل کیں۔