لاہور (کرائم رپورٹر) انسپکٹر جنرل پولیس پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے کہاہے کہ محرم الحرام کی آمد کے پیش نظر عزاداری جلوسوں اورمجالس کے پر امن انعقاد کیلئے لاہور سمیت صوبہ کے تمام اضلاع کیلئے جامع سکیورٹی پلان تشکیل دیا جائے،تمام مکاتب فکر کے علما کرام، امن کمیٹیوں کی مشاورت سے ایشوز قبل از وقت حل کر لیں، آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے آر پی اوز، ڈی پی اوز کو سکیورٹی انتظامات کی خود نگرانی کرنے کی ہدایت دیتے ہوئے کہاکہ حساس جلوسوں اور مجالس کی سکیورٹی کیلئے سی سی ٹی وی کیمرے، واک تھرو گیٹس، میٹل ڈٹیکٹرز سمیت جدید آلات و ٹیکنالوجی سے بھرپور استفادہ کیا جائے،آئی جی پنجاب نے ہدایت کی کہ اقلیتی شہریوں کی جان و مال، مذہبی مقامات کی سکیورٹی پر ہرگز کوئی سمجھوتہ نہ کریں، اقلیتی عبادت گاہوں کے سکیورٹی انتظامات کی چیکنگ کیلئے سپروائزری افسران باقاعدگی سے انسپکشن یقینی بنائیں۔ آئی جی پنجاب نے کہا کہ ایف آئی آرز کا بروقت اندراج، میرٹ پر تفتیش، چالاننگ یقینی بنائیں،حکومت پنجاب کی معاونت سے سیف سٹیز، سمارٹ پولیس سٹیشنوں سمیت تمام ترقیاتی منصوبے بروقت مکمل کریں گے۔ دریں اثناءآئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے سنگین جرائم میں ملوث خطرناک مجرموں کی سرکوبی کرنے والے کرائم فائٹر پولیس افسران و اہلکاروں کی کیش انعامات اور تعریفی اسناد سے حوصلہ افزائی کی ہے۔ آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے کچہ کریمنلز، قتل، ریپ، اغوا برائے تاوان کے مقدمات کامیابی سے ورک آوٹ کرنے والے افسران واہلکاروں کے اعزاز میں خصوصی تقریب منعقد کی جس میں ڈاکٹر عثمان انور نے ضلع ڈیرہ غازیخان کی 4، لیہ کی 7، راجن پور کی 5، مظفرگڑھ کی 7 پولیس ٹیموں کو انعامات سے نوازا۔ آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے بہترین کارکردگی کے حامل افسران و اہلکاروں کو شاباش دیتے ہوئے کہاکہ منظم جرائم کے خاتمے اور پبلک سروس ڈلیوری میں بہتری کیلئے جذبہ جہاد اور خدمت خلق سے فرائض ادا کئے جائیں۔ آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے کہاکہ محنتی، فرض شناس اور قابل افسران و اہلکاروں کی حوصلہ افزائی کا سلسلہ مستقبل میں بھی جاری رہے گا۔ ایڈیشنل آئی جی پنجاب، اے آئی جی ڈسپلن، ایس ایس پی آپریشنز لاہور اور ایس پی انویسٹی گیشن ماڈل ٹاو¿ن لاہور سمیت دیگر افسران نے بھی تقریب میں شرکت کی۔ علاوہ ازیں ڈاکٹر عثمان انو رنے کہاہے کہ پنجاب پولیس ایک فیملی کی مانند ہے جس کے اراکین کی بہترین ویلفیئر اولین ترجیحات میں شامل ہے، آئی جی پنجاب نے افسران کو ہدایت کی کہ پیشہ ورانہ اور ذاتی مسائل سے متعلقہ امور پر ملازمین کو ہر ممکن ریلیف دیا جائے تاکہ وہ اپنی تمام تر توجہ پیشہ ورانہ فرائض کی ادائیگی پر مرکوز کر سکیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے آج سنٹرل پولیس آفس میں پولیس ملازمین اور انکے اہل خانہ سے ملاقات کے دوران کیا۔ آئی جی پنجاب نے پولیس ملازمین کی پیش کردہ درخواستیں سن کر ریلیف بارے احکامات جاری کئے۔
اقلیتوں کی جان و مال، مذہبی مقامات کی سکیورٹی پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائیگا: آئی جی پنجاب

















