سپر ایٹ راونڈ، جنوبی افریقہ، ویسٹ انڈیز کو شکست دیکر سیمی فائنل میں پہنچ گیا

نارتھ ساو¿نڈ اینٹی گا (مشرق نیوز) آئی سی سی ٹی 20 ورلڈ کپ کے سپر ایٹ مرحلے میں جنوبی افریقہ نے ویسٹ انڈیز کو 3 وکٹوں سے شکست دیکر سیمی فائنل کیلئے کوالیفائی کر لیا۔ جنوبی افریقہ نے ٹاس جیت کر ویسٹ انڈیز کو پہلے بیٹنگ کی دعوت دی۔ ایونٹ کی میزبان ٹیم ویسٹ انڈیز پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 20 اوورز میں 8 وکٹوں کے نقصان پر 135 رنز بنا سکی۔ جنوبی افریقہ نے ہدف کے تعاقب میں بیٹنگ شروع کی تو 15 رنز پر دو کھلاڑی پویلین لوٹ چکے تھے جس کے بعد بارش کے باعث میچ میں تعطل آیا تاہم کھیل دوبارہ شروع ہوا تو جنوبی افریقا کو 17 اوورز میں 123 رنز کا ہدف حاصل کرنا تھا۔ کپتان ایڈن مارکرم 18 رنز، ٹرسٹن سٹبز 29 اور ہینرچ کلاسن 22 رنز بنا کر آوٹ ہوئے جبکہ مارکو جینسن 21 رنز بنا کر ناٹ آوٹ ہوئے اور میچ جتوانے میں کلیدی کردار ادا کیا۔ ویسٹ انڈین باولر روسٹں چیس نے 3 اوور میں 12 رنز دیکر 3 وکٹیں حاصل کیں۔