دفعہ144کی خلاف ورزی،پی ٹی آئی رہنماﺅں پر مقدمات درج،4نظر بند

اسلام آباد،راولپنڈی،جھنگ،فیصل آباد:(بیورورپورٹ)دفعہ144کی خلاف ورزی پرپی ٹی آئی رہنماﺅں پر مقدمات درج،4کونظر بند کردیا گیا۔

راولپنڈی کے تھانہ صدر بیرونی میں پی ٹی آئی ایم پی اے و دیگر کارکنوں کےخلاف مقدمہ سب انسپکٹر امتیاز کی مدعیت میں درج کیا گیا،پنجاب ساونڈ سسٹم ریگولیشن ایکٹ 2015کی دفعات 3اور 6شامل کردی گئیں۔

اسلام آباد کے تھانہ بنی گالہ میں ایس ایچ او نوازش علی کی مدعیت میں مقدمہ درج کیا گیا، مقدمے کے متن کے مطابق نجی ہاوسنگ سوسائٹی سے 30 سے 35 لوگ موٹرسائیکلوں پر ریلی کی صورت میں نکلے، ریلی کی قیادت شعیب شاہین، عامر مغل اور عالمگیر خان کررہے تھے۔

جھنگ میں دفعہ 144 کی خلاف ورزی پر سنی اتحاد کونسل کے رکن قومی اسمبلی شیخ وقاص اکرم سمیت پی ٹی آئی کارکنوںپر مقدمہ کر لیا گیا،دیگر شہروں میں بھی مقدمات درج کیے گئے۔

دوسری جانب پی ٹی آئی کے 4 رہنماوں کی 15دن کی نظر بندی کانوٹیفکیشن جاری کردیا گیا، ڈپٹی کمشنر حسن وقارچیمہ نے 3ایم پی او کے تحت نظر بندی کے احکامات جاری کئے، شہریار ریاض، کرنل ریٹائرڈ اجمل صابر، چودھری امیر افضل،تیمور مسعود اکبر شامل ہیں۔

ادھر شاہ محمود قریشی نے 9 مئی کے جلاو گھیراو مقدمات میں ضمانتوں کی درخواست دائر کردی،شاہ محمود قریشی نے رانا مدثر عمر ایڈووکیٹ کی وساطت سے دائر کی گئی درخواست میں موقف اپنایا سیاسی بنیادوں پر مقدمات درج کیے گئے ، 9مئی کو شاہ محمود قریشی اہلیہ کے علاج کے سلسلے میں کراچی میں مصروف تھے،عدالت ضمانتیں منظور کرنے کا حکم دے۔