قصور، محکمہ سول ڈیفنس کا منی پٹرول پمپس کیخلاف کریک ڈاﺅن
قصور:( بیورو رپورٹ )محکمہ سول ڈیفنس کاغیر قانونی منی پٹرول پمپس اور ایل پی جی گیس ری فلنگ شاپس کیخلاف کریک ڈاﺅن۔ سٹی قصور کے مختلف علاقوں بائی پاس روڈ، جماعت پورہ اور رسول پورہ سمیت کھڈیاں میںمتعدد دکانوں کو سیل کر دیا ۔
حکومت پنجاب کے احکامات کی روشنی اور ڈپٹی کمشنر قصور کے حکم پر محکمہ سول ڈیفنس کے چیف انسٹرکٹر محمد الطاف نے دفتری عملہ کے ہمراہ کارروائی کرتے ہوئے سٹی قصور کے مختلف علاقوں بائی پاس روڈ، جماعت پورہ اور رسول پورہ سمیت کھڈیاں میں غیر قانونی ایل پی جی اور پٹرول شاپس کے 08 مالکان کے خلاف اندراج مقدمہ کے لیے تھانہ بی ڈویژن قصور میں استغاثے جمع کروا دیئے۔اور متعددکانوں کو موقع پر سیل کردیا۔ پٹرول اور ایل پی جی گیس سے متعلقہ غیر قانونی سامان پٹرول اور ایل پی جی سے متعلقہ غیر قانونی سامان بھی قبضہ میں لے کر متعلقہ پولیس اسٹیشن بی ڈویژن میں جمع کروا دیاگیا۔
اس موقع پر سول ڈیفنس آفیسر سیف اللہ کا کہنا تھا کہ گیس ری فلنگ اور جگہ جگہ پٹرول کی فروخت کی وجہ سے ہونے والے حادثات سے بچاو کے پیش نظر غیر قانونی عمل میں ملوث افراد کے خلاف کارروائیاں بلا تفریق جاری رہیں گی۔ سول ڈیفنس کا عملہ ہمہ وقت شہریوں کے جان ومال کے تحفظ کے لیے پر عزم ہے اور شہریوں کے جان و مال کے تحفظ کیلئے ہر ممکن قدم اٹھائیں گے ، شہریوں کی زندگیاں خطرے میںڈالنے والے عناصر سے کسی قسم کی رعایت نہیں برتی جائے گی۔



















