سیف سٹیزپراجیکٹ کی تکمیل سے جرائم کنٹرول، کمیونٹی پولیسنگ کا عمل مزید بہتر ہو گا،آئی جی پنجاب

لاہور :(کرائم رپورٹر)انسپکٹر جنرل پولیس پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے سنٹرل پولیس آفس میں چالیسویں مڈ کیرئیر مینجمنٹ کورس میں شامل زیر تربیت افسران سے گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے جدید ٹیکنالوجی کے موثر استعمال سے پولیس ورکنگ کو روایتی سے جدید پولیسنگ ماڈل پر منتقل کردیا گیا، متعدد اضلاع میں نئے سیف سٹیزپراجیکٹ تیزی سے مکمل کیے جا رہے ہیں جن سے جرائم کنٹرول، ٹریفک مینجمنٹ اور حساس مقامات کی مانیٹرنگ سرویلنس اور کمیونٹی پولیسنگ کا عمل مزید بہتر ہوگا۔

آئی جی نے کہاآپریشنز، انویسٹی گیشن، ٹریفک اور تھانوں سمیت ہر فیلڈ میں جدید اصلاحات کو نافذ کیا گیا ہے جس سے شہریوں کو پولیسنگ سہولیات کی فراہمی اور انسداد جرائم میں تیزی آئے گی، پولیس فورس کی استعداد کار میں اضافے کیلئے جدید ٹریننگ کورسز، پروموشن و ریکروٹمنٹ کا سلسلہ جاری ہے، مزید اہلکاروں کو میرٹ کے مطابق پروموشن دی جائیں گی۔

دریں اثنا آئی جی پنجاب پولیس ملازمین کےساتھ ساتھ انکے اہل خانہ کی بہترین ہیلتھ ویلفیئر کیلئے پرعزم اور مصروف عمل ہیں، ڈاکٹر عثمان انور نے جاری اقدامات کے تسلسل میں لاہور سمیت مختلف اضلاع میں تعینات اہلکاروں کو علاج معالجے کیلئے مزید 18 لاکھ روپے جاری کر دئیے ،علاوہ ازیں آئی جی پنجاب کی ہدایت پر معاشرے کی اصلاح، شہریوں کو امن و انصاف کی فراہمی میں ممبر و محراب کے اہم کردار کے پیش نظرآر پی اوز، ڈی پی اوز سمیت سینئر پولیس افسران نے جمعتہ المبارک کے موقع پر علاقائی مساجد کے دورے کیے، سینئر پولیس افسران نماز جمعہ کے بعد مساجد میں شہریوں کے مسائل سن کر ازالے بارے احکامات کیے۔