لاہور (کرائم رپورٹر) انسپکٹر جنرل پولیس پنجاب ڈاکٹر عثمان انور کی ہدایت پر پنجاب پولیس نے عید الاضحی کی آمد کی مناسبت سے صوبہ بھر میں مویشی منڈیوں کے سکیورٹی انتظامات مکمل کر لئے ہیں اور صوبائی دارالحکومت سمیت صوبہ بھر کی 227 مویشی منڈیوں کی سکیورٹی کے فرائض 3 ہزار سے زائد افسران و اہلکار سر انجام دے رہے ہیں، آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے کہاکہ مویشی منڈیوں میں بیوپاریوں، خریدار شہریوں کی سکیورٹی کیلئے جامع اقدامات کئے گئے ہیں، ضلعی انتظامیہ کے منظور کردہ پوائنٹس کے علاوہ کسی بھی جگہ مویشی منڈی لگانے کی اجازت نہیں، آئی جی پنجاب نے افسران کو ہدایت کی کہ غیر قانونی مویشی منڈیوں، سیل پوائنٹس کے خلاف قانونی کاروائی عمل میں لائیں، ڈاکٹر عثمان انور نے کہاکہ نوسر بازوں، جیب تراشوں، جرائم پیشہ افراد کی سرکوبی کیلئے موثر پٹرولنگ پلان تشکیل دیا جائے،ڈولفن سکواڈ، پولیس رسپانس یونٹ سمیت پٹرولنگ ٹیمیں مویشی منڈیوں کے اطراف موثر پٹرولنگ کریں اور غیر قانونی سرگرمیوں میں ملوث عناصر کے خلاف سخت قانونی کاروائی میں کوئی تاخیر نہ کی جائے۔ ان خیالا ت کا اظہار انہوں نے مویشی منڈیوں کے سکیورٹی انتظامات کے حوالے سے ہدایات دیتے ہوئے کیا۔ دریں اثناءآئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انورکی جانب سے پولیس ملازمین کی ہیلتھ ویلفیئر کیلئے مسلسل اقدامات جاری ہیں جس کے تسلسل میں آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انو رنے دوران ڈیوٹی زخمی ہونے والے پولیس ملازمین کو طبی اخراجات کی ادائیگی کیلئے مزید 16 لاکھ روپے جاری کر دئیے ہیں۔ تفصیلات کے مطابق راولپنڈی کے زخمی کانسٹیبل یاسر محمود کو طبی اخراجات کی ادائیگی کیلئے 5 لاکھ روپے دئیے گئے۔ لاہور پولیس کے زخمی کانسٹیبل عثمان کو علاج معالجے کیلئے 3 لاکھ روپے جاری کئے گئے، زخمی کانسٹیبل غضنفر علی کو علاج معالجے کیلئے 3 لاکھ روپے دئیے گئے، فیصل آباد کے زخمی ڈرائیور کانسٹیبل امجد علی کو طبی اخراجات کیلئے اڑھائی لاکھ روپے جاری کئے گئے، پاکپتن کے زخمی کانسٹیبل طالب حسین کو علاج معالجے کیلئے 2 لاکھ 50 ہزار روپے دئیے گئے، مذکورہ بالا اہلکار پیشہ ورانہ فرائض کی ادائیگی کے دوران مختلف واقعات میں شدید زخمی ہوئے، ایڈیشنل آئی جی ویلفیئر اینڈ فنانس ریاض نذیر گاڑا کی زیر صدارت کمپنسیشن ایوارڈ کمیٹی نے سکروٹنی کے بعد ان کیسز پر فنڈز اجراءکی منظوری دی تھی۔ آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے کہاکہ پولیس فورس کی بہترین ہیلتھ ویلفیئر اولین ترجیح ہے، غازیوں کی جلد از جلد بحالی کیلئے ہر ممکن تعاون جاری ہے۔
صوبہ بھر میں مویشی منڈیوں میں سکیورٹی انتظامات مکمل کرلئے: آئی جی پنجاب

















