یو اے ای سے ایک ارب ڈالر قرض رول اوور کرانے کا فیصلہ

اسلام آباد(مشرق نیوز) حکومت پاکستان نے متحدہ عرب امارات سے ایک ارب ڈالر قرض رول اوور کرانے کا فیصلہ کیا ہے۔ ذرائع کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف صدر متحدہ عرب امارات کو ایک ارب ڈالر قرض رول اوور کرنے کی درخواست کریں گے۔ وزیراعظم شہباز شریف کیجانب سے صدر متحدہ عرب امارات شیخ محمد بن زید بن النہیان کو خط لکھنے کیلئے وزارت خزانہ نے ورکنگ مکمل کر لی ہے۔

باوثوق ذرائع کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف دورہ چین سے واپسی پر یو اے ای کو ایک ارب ڈالر قرض کو رول اوور کرنے کی درخواست کریں گے، یو اے ای نے مجموعی طور پر 3 ارب ڈالر مرکزی بینک میں ڈیپازٹ کرائے ہوئے ہیں۔

یو اے ای سے 2 ارب ڈالر کا قرض جنوری میں ایک سال کیلئے رول اوور کرایا گیا تھا جبکہ ایک ارب ڈالر کو رول اوور کرنے کی اب درخواست کی جائے گی اور اس ایک ارب ڈالر کا میچورٹی ٹائم آئندہ ماہ کے دوران مکمل ہو جائیگا۔

ذرائع نے بتایا کہ ابوظہبی فنڈ فار ڈویلپمنٹ یو اے ای کی جانب سے مجموعی طور پر 3 ارب ڈالر ڈیپازٹ سٹیٹ بینک میں رکھوائے گئے ہیں جو تین اقساط میں موصول ہوئے تھے تاہم ایک ارب ڈالر کا 17 جنوری اور ایک ارب ڈالر کا 23 جنوری کو ڈیپازٹ ٹائم مکمل ہونے کے بعد رول اوور ہو چکے ہیں جبکہ دوبارہ میچورٹی ٹائم قریب آنے پر درخواست کی جائے گی۔