لاہور (کامرس رپورٹر) لاہور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر کاشف انور نے کہا ہے کہ نئے قوانین ان تاجروں کیلئے نہ بنائے جائیں جو پہلے ہی ٹیکس نیٹ میں ہیںکیونکہ وہ اپنا قومی فریضہ ادا کررہے ہیں۔ ٹیکس قوانین ان افراد کیلئے ہونے چاہئیں جو ٹیکس نیٹ سے باہر ہیں۔ ٹیکس دہندگان کی حوصلہ افزائی ہوگی تو وہ معاشی ترقی میں اپنا بہترین کردار ادا کرسکیں گے۔ انہوں نے ان خیالات کا اظہار چیف کمشنر ان لینڈ ریونیو امجد فاروق کے ساتھ لاہور چیمبر میں ملاقات کے موقع پر کیا۔ سینئر نائب صدر ظفر محمود چودھری، کمشنرز ان لینڈ ریونیو صاحبزادہ عمر رزاق، نعمان ملک، لاہور چیمبر کے ایگزیکٹو کمیٹی ممبران و دیگر شرکاءبھی اجلاس میں موجود تھے۔ کاشف انور نے کہا کہ تاجر برادری کو بہت سے معاشی چیلنجز کا سامنا ہے۔ ان حالات میں موجودہ ٹیکس دہندگان کو سہولیات اور ریلیف دینے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ حال ہی میں حکومت کی جانب سے جاری کردہ ایس آر اوز 457(I)/2024 تاجر دوست سکیم ، 350(I)/2024 اور 1842(I)/2024 سے کاروباری برادری کے لیے مشکلات پیدا ہوئی ہیں۔ ایس آر او 457(I)/2024 پر بات کرتے ہوئے لاہور چیمبر کے صدر نے کہا کہ تاجر دوست سکیم کے تحت تمام تاجروں اور دکانداروں کوماہانہ ایڈوانس ٹیکس جمع کروانا ہوگا۔ ٹیکس فائلنگ کے لیے زیادہ تر دکانداروں کا انحصار وکلا ءپر ہے جس کی وجہ سے ماہانہ فائلنگ کے لئے ان پر بوجھ بڑھے گا اور قانونی فیسوں اور جرمانے کی وجہ سے کاروبار کرنے کی لاگت میں اضافہ ہوگا۔انہوں نے تجویز دی کہ ایڈوانس ٹیکس ماہانہ کی بجائے سالانہ یا سال میں دو مرتبہ وصول کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ اس سکیم کے تحت تاجروں کی سالانہ رینٹل ویلیو کے مطابق ٹیکس کی کیلکولیشن کی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ رینٹل ویلیو یا پھر ایریا کے مطابق ٹیکس عائد کرنے کا جواز نہیں بنتا کیونکہ ان دونوں چیزوں کا ٹرن اوور کے ساتھ کوئی تعلق نہیں ہے ۔ کاشف انور نے کہا کہ ہر ریٹیلر کے پاس بجلی کا کمرشل میٹر ہوتا ہے ۔ اصل کھپت کی بنیاد پر بجلی کے بلوں کے ذریعے ایڈوانس ٹیکس جمع کیا جائے جو سالانہ انکم ٹیکس ریٹرن میں ایڈجسٹ ہونا چاہیے۔ انہیں آڈٹ سے چھوٹ اور ٹیکس کی شرح میں کمی سمیت دیگر مراعات دی جائیں،اس سے ریٹیلرز اور دکانداروں کو تاجر دوست سکیم کے تحت رجسٹرڈ ہونے کی ترغیب ملے گی اور سکیم بھی کامیاب ہوسکے گی۔ مزید برآں، پالیسیوں کی مستقل مزاجی اور تسلسل کو یقینی بنانے کے لیے، اس سکیم کا ٹائم فریم کم از کم پانچ سال کا ہونا چاہیے۔حکومت ریٹیلرز کی حوصلہ افزائی کرے اور لاہور چیمبر کی تجاویز کے مطابق تاجر دوست سکیم کو آسان بناکر انہیں زیادہ سے زیادہ سہولت فراہم کرے۔ اس سے ریٹیلرز کو اس اسکیم کے تحت رجسٹر کرنے کی ترغیب دیکر ٹیکس نیٹ کو وسیع کرنے میں مدد ملے گی۔لاہور چیمبر کے صدر نے کہا کہ ایس آر او 1842(I)/2024کے مطابق انکم ٹیکس آرڈیننس 2001کے سیکشن 236Hکے تحت جس ریٹیلر کا آخری/پچھلے بارہ ماہ کا قابل کٹوتی ودہولڈنگ ٹیکس ایک لاکھ روپے سے زائد ہے وہ ایف بی آر کے پوائنٹ آف سیل سسٹم کے ساتھ انضمام کا پابند ہوگا۔ انہوں نے تجویز پیش کی کہ روپے کی قدر میں کمی اور افراط زر کے اثرات کو مدنظر رکھتے ہوئے ریٹیلرز کیلئے ودہولڈنگ ٹیکس کی یہ حد پانچ لاکھ روپے تک بڑھائی جائے۔ ون شاپ ریٹیلرز کو پی او ایس میں انضمام سے استثنیٰ دیا جائے۔ کاشف انور نے مزید کہا کہ لاہور چیمبر دستاویزی معیشت کو فروغ دینے اور ٹیکس بنیاد کو وسیع کرنے کیلئے حکومتی کوششوں کی حمایت کرتا ہے ۔ملک کو موجودہ معاشی بحران سے نکالنے کیلئے ہمیں ملکر کام کرنا ہو گا اور بزنس سیکٹر کو ہر ممکن سہولیات دئیے بغیر اہداف کا حصول ممکن نہیں ہے۔ صدر لاہور چیمبر نے کہا کہ پالیسی بناتے ہوئے سٹیک ہولڈرز کو ضرور اس میں شامل کیا جائے۔ امجد فاروق نے کہا کہ تاجر دوست سکیم کیلئے ایک ایپلی کیشن تیار کی گئی ہے جس میں رجسٹریشن کا پراسیس انتہائی آسان ہے۔ اس وقت ہماری تمام ٹیمیں باہر فیلڈ میں موجود ہیں اور تمام تر ریسورسز اس مہم کو کامیاب کرنے پر صرف کیے جارہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ افسران کی ٹیمیں ڈور ٹو ڈور جاکر ایپلی کیشن کے بارے میں سمجھارہے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ سب سے پہلا قدم رجسٹریشن ہے۔ 30جون تک اس سکیم کی قانون سازی ہوجائے گی ۔ اس وقت جو لوگ رجسٹریشن کرارہے ہیں ان پر کسی قسم کی کوئی لائبلٹی نہیں ڈالی جائے گی جبکہ جو بھی اس سکیم میں رجسٹرہوگا اسے ایڈوانس ٹیکس کی مد میں پچیس فیصد چھوٹ ملے گی۔ اس سکیم کے تحت ایمنسٹی ابھی واضح نہیں ہے ۔انہوں نے کہاکہ 30جون تک بل پاس ہوگا تو بہت سی چیزیں واضح ہوجائیں گی۔ اس وقت تاجر دوست سکیم کے متعلق جتنی بھی افواہیں گردش کررہی ہیں ان کا کوئی جواز نہیں ہے۔ جو لوگ پہلے سے ٹیکس نیٹ میں رجسٹر ڈہیں انہیں دوبارہ رجسٹر ہونے کی ضرورت نہیں ہے۔ اس سکیم کو لاگو کرنے سے پہلے تجارتی ایسوسی ایشنز کی فیڈ بیک لی گئی ہے اور کوشش کی جارہی ہے کہ ہراسمنٹ کا عنصر نہ ہو۔ انہوں نے کہا کہ ویلیوایشن ایف بی آر ریٹ پر ہوگی ۔ انہوں نے کہا کہ ماہانہ ایڈوانس ٹیکس جمع کرانے کی شق پر نظر ثانی اور لاہور چیمبر کا ان پٹ فارورڈ کریں گے اور کوشش کریں گے کہ یہ بل کا حصہ بنے۔ انہوں نے کہا کہ اس سال آر ٹی او لاہور میں کثیر تعداد میں رضاکارانہ ریٹرن فائل ہوئی ہیں۔
پہلے سے نیٹ میں موجود ٹیکس دہندگان کیلئے نئے قوانین نہ بنائے جائیں : کاشف انور



















