لاہور (اپنے نمائندے سے) ڈی جی پی ایچ اے کی پراسرار خاموشی، کروڑوں روپے کی لاگت سے تزئین و آرائش کے بعد کھولے جانے والے ناصر باغ کی کینٹین کوڑیوں کے بھاﺅ صرف 12 لاکھ میں بگ مین پیزا کے سپرد، غیرقانونی تعمیرات کر کے کینٹین کے گردونواح میں فوڈ سٹریٹ بھی قائم، غیرملکی کمپنیوں کی طرف سے پارک میں برانڈ کی پبلسٹی اور ریسٹورنٹ کیلئے ایک کروڑ سے زائد کی آفر مسترد کردی گئی۔ تفصیلات کے مطابق سابق نگران وزیراعلیٰ پنجاب کی جانب سے باغ جناح کی تزئین و آرائش کے احکامات جاری کئے گئے جس پر ماضی میں پارک کے گردونواح سے حفاظتی جنگلوں کو فوری ہٹا دیا گیا۔ اس پراجیکٹ کے حوالے سے کئی منصوبے بھی زیرغور رکھے گئے جس میں غیرملکی سرمایہ کار کمپنیوں کو یہ پارک ٹھیکے پر دینا بھی شامل تھا مگر جیسے ہی نگران سابق وزیراعلیٰ منصب سے ہٹتے ہی منصوبے کو ذاتی مفادات کے حصول کی خاطر ڈی جی پی ایچ اے کی خواہش پر پارک کو صرف 12 لاکھ میں ”بگ مین پیزا“ کو دیدیا گیا۔ ذرائع کے مطابق تین غیرملکی کمپنیوں کی جانب سے پارک میں اپنے برانڈ کی پبلیسٹی اور ریسٹورنٹ کیلئے ایک کروڑ سے زائد کی آفر دی گئی تھی تاہم ڈی جی پی ایچ اے کی جانب سے انکار کردیا گیا تھا اور پارک بگ مین پیزا کو ٹھیکہ دیدیا گیا۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ ٹھیکہ BOT (بلٹ آپریشن اینڈ ٹرانسفر)کے تحت 5 سال کیلئے دیدیا گیا اور شرائط کے مطابق کینٹین میں پیزا اور برگر کی ہی فروخت کی اجازت دی گئی تھی۔ ذرائع کے مطابق اس ڈیل کو سرانجام دلوانے میں پہلے ڈائریکٹر ہیڈکوارٹر حسان نے کردار ادا کیا اور اسکے بعد شاہنواز وٹو نے کردار ادا کیا اور اب اسکو غیرقانونی طور پر تعمیرات کرنے کی اجازت بھی دیدی گئی۔ واضح کینٹین کی چھت پر کسی زمانے میں ادبی محفلیں اور مشاعرے بھی ہوتے تھے۔ ذرائع کے مطابق پیزا مین بگ مالکان اور ڈایریکٹر شاہنواز وٹو اور ڈائریکٹر ہیڈ کوارٹر حسان کاروباری پارٹنرز بھی ہیں جس کی وجہ سے ناصر باغ میں 7 پوائنٹس پر تعمیرات کی کھلے عام اجازت دیدی گئی ہے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ اب اس گراونڈ ناصر باغ میں فوڈ سٹریٹ قائم کی جا رہی ہے جہاں ناشتے دوپہر کے کھانے اور رات باربی کیو بھی فراہم ہوسکے گا۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ ڈی جی طاہر وٹو کو شکایات کے باوجود اس پر کاروائی نہیں کی جا رہی کیونکہ خود ڈی جی اور عملہ نے ٹھیکیدار کو عدالت حکم امتناعی لینے کا مشورہ دیا ہے تاکہ اپنے معاملات کو سرانجام دیا جاسکے۔ ناصر باغ کینٹین اور اسکے اطراف غیر قانونی فوڈسٹریٹ پر موقف لینے کی خاطر ڈی جی پی ایچ اے اور ڈائریکٹر شاہنواز سے موقف کیلئے رابطہ کیا گیا لیکن انہوں نے کال اٹینڈ نہیں کی جبکہ سابق ڈائریکٹر ہیڈکوارٹر اور موجودہ ڈائریکٹر کوآرڈینیشن حافظ حسان کو ناصر باغ کے معاملے پر تفصیلات سے آگاہ کیا جس کے بعد انکی جانب سے بات سننے کے بعد ملاقات سے انکار کردیا گیا۔
ناصر باغ میں کروڑوں کی لاگت سے تیار کینٹین کوڑیوں میں نیلام ،ڈی جی پی ایچ اے کی خاموشی



















