ملکی اقتصادی ترقی، قیمتی زرمبادلہ بچانے کیلئے کپاس زیادہ کاشت کی جائے :کمشنر ساہیوال

ساہیوال (بےورورپورٹ)کمشنر ساہیوال ڈویژن شعیب اقبال سید نے کسانوں پر زور دیا ہے کہ ملک کی اقتصادی ترقی اور اربوں ڈالر قیمتی زرمبادلہ بچانے کیلئے زیادہ سے زیادہ کپاس کاشت کی جائے جس کیلئے حکومت انہیں بھرپور تعاون اور مدد فراہم کریگی۔ گزشتہ سال کسانوں کی محنت سے کپاس کی ریکارڈ پیداوار حاصل ہوئی جسے اس سال بھی برقرار رکھا جانا چاہیے۔ انہوں نے یہ بات اپنے دفتر میں کپاس بارے ڈویژنل مانیٹرنگ کمیٹی کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہی جس میں ایڈیشنل کمشنر کوآرڈینیشن شفیق احمد ڈوگر، ڈپٹی کمشنرز ساہیوال صائمہ علی اور پاکپتن سعدیہ مہر، اے ڈی سی ریونیو ساہیوال اعتزاز اسلم مارتھ اور اوکاڑہ کامران بشیر ڈوگر، ڈائریکٹر زراعت ڈاکٹر شہباز اختر، فرٹیلائزر ایسوسی ایشن کے صدر چوہدری منیر، پاکپتن کے ترقی پسند کاشتکار عامر حیات بھنڈارا اور متعلقہ محکموں کے ڈویژنل و ضلعی افسران نے بھی شرکت کی۔کمشنر شعیب اقبال سید نے تمام محکموں خصوصاً زراعت، اریگیشن، پیسٹ کنٹرول اور سیڈ کے افسران پر زور دیا کہ وہ باہمی رابطے کو بہتر کریں اور کسانوں کو کپاس کی پیدوار میں حائل مشکلات فوری دور کریں اور انہیں معیاری بیج کی دستیابی یقینی بنائیں۔ انہوں نے ہر تحصیل پر بیج کی فروخت کیلئے ماڈل سنٹر بنانے کی بھی ہدایت کی۔ کمشنر نے کپاس کیلئے کھاد کی دستیابی یقینی بنانے اور جون جولائی کے دوران یوریا کی کھیپ پوری کرنے کیلئے ابھی سے منصوبہ سازی کی بھی ہدایت کی تاکہ کسانوں کو بروقت کھاد میسر آسکے۔ اس سے پہلے ڈائریکٹر زراعت ڈاکٹر شہباز اختر نے بتایا کہ ساہیوال ڈویژن میں 118820ایکڑ پر کپاس کاشت کرنے کا ہدف مقرر کیا گیا ہے جس میں سے55878ایکڑ پر کاشت ہو چکی ہے جو کل ہدف کا47فیصد ہے۔ انہوں نے بتایا کہ فصل کی کاشت کا بہترین وقت 15مئی تک ہے تاہم اس ماہ کے اختتام تک بھی کپاس کاشت کی جا سکتی ہے۔ ایس ای اریگیشن نے اجلاس کو بتایا کہ ملک کو 30فیصد نہری پانی کی کمی کا سامنا ہے جسے بہتر منصوبہ بندی سے پورا کیا جائیگا۔ اجلاس میں عامر حیات بھنڈارا نے تجویز دی کہ کسانوں کو کپاس کاشت کیلئے قائل کرنے کیلئے ترغیات دی جانی چاہیے جن میں سپورٹ پرائس کا بروقت اعلان بہت اہم ہے۔ انہوں نے کپاس کے کاشتکاروں کے مسائل حل کرنے میں ذاتی دلچسپی لینے پر کمشنر ساہیوال شعیب اقبال سید اور ڈپٹی کمشنر پاکپتن سعدیہ مہر کے کردار کو سراہا۔دوسری طرف کمشنر ساہیوال ڈویژن شعیب اقبال سید نے ہائی سٹریٹ پر جوگی چوک سے ٹینکی چوک تک تجاوزات کو فوری ختم کرنے کی ہدایت کر دی، دوکانوں کے باہر تجاوزات بڑھانے والوں کو جرمانے کئے جائیں، کمشنر کی ہدایت۔ وہ یہاں اپنے دفتر میں میونسپل کارپوریشن کی کارکردگی کے جائزہ اجلاس کی صدارت کر رہے تھے جس میں ایڈیشنل کمشنر کوارڈینیشن شفیق احمد ڈوگر، ڈائریکٹر لوکل گورنمنٹ ڈاکٹر سیف اللہ، چیف آفیسر کارپوریشن اشفاق احمد اور متعلقہ افسران نے شرکت کی۔کمشنر شعیب اقبال سید نے بس اسٹینڈز پر اڈا فیس کی وصولی کیلئے پرچی رجسٹر پر تاریخ کے غلط اندراج سمیت پرچی کاٹنے کے طریقہ کار پر تحفظات کا اظہار کرتے ہوئے متعلقہ حکام کو غلطی درست کرنے کی ہدایت کی۔ انہوں نے مزید کہا کہ ضلع کونسل صفائی ستھرائی کے معاملات پر باقاعدہ ڈیٹا مرتب کرے تاکہ صفائی کے عمل میں مزید بہتری لائی جاسکے۔