آٹا، میدہ سستا ہونے کے باوجود بیکریوں پر اشیاءکی مہنگے داموں فروخت

لاہور( رپورٹ: نعیم جاوید ) آٹے کی قیمت میں 40 فیصد کمی کے باوجود رس ڈبل روٹی اور مٹھائی کی قیمت میں ابھی تک کوئی کمی نہیں کی گئی جس پر عوام نے مطالبہ کیا ہے کہ ڈبل روٹی مٹھائی اور دیگر بیکری آئٹم کی قیمتوں میں بھی کمی کی جائے۔ تفصیلات کے مطابق گندم اور آٹے کی قیمت میں 40 فیصد کمی کے باوجود بیکری مالکان نے رس، ڈبل روٹی، مٹھائی اور دیگر بیکری آئٹم کی قیمتوں میں کمی کرنے سے انکار کر دیا ہے۔ اوپر سے شاپر کی قیمت 12 روپے سے بڑھا کر 15 روپے کر دی ہے جس پر بیکری کا نام بھی پرنٹ ہے۔ روزنامہ”مشرق“ لاہور سے گفتگو کرتے ہوئے سلطان ٹاون کے رہائشی مظہر شانی نے کہا کہ سب سے چھوٹی ڈبل روٹی کی قیمت 120 روپے ہے جو کہ گندم کا ریٹ 5500 روپے فی من ہونے پر کیا گیا تھا اب گندم کا ریٹ 3000 روپے من ہے مگر بیکری مالکان ناجائز منافع خوری میں مصروف ہیں۔ علی ٹاﺅن کے رہائشی جاوید ہاشمی نے کہا کہ گندم کے علاوہ گھی اور چینی کی قیمتوں میں بھی کمی ہوئی ہے مگر مٹھائی کی قیمت میں کوئی کمی نہیں کی گئی۔ ملتان روڈ منصورہ کے رہائشی فہیم بھیا نے کہا کہ معروف بیکری نے شاپر کی قیمت 12 روپے سے بڑھا کر 15 روپے کر دی ہے۔ افسوس کی بات یہ ہے کہ شاپر پر بیکری کا نام پرنٹ ہے وہ لوگوں کے پیسوں سے اپنی بیکری کی مشہوری کر رہے ہیں۔