ساندہ میں سود ی کاروبار عروج پر،لکی کمیٹی، قسطوں پر اشیاءدینے والے بے لگام، شہر ی خودکشیوں پر مجبور

لاہور (حافظ کاشف سندھو) تھانہ ساندہ کے علاقے میں پولیس اور مقامی اداروں کی مجرمانہ غفلت اور ملی بھگت کے نتیجہ میں فراڈیوں اور جعل سازوں نے سادہ لوح عوام کو دونوں ہاتھوں سے لوٹنا معمول بنا رکھا ہے، لکی کمیٹیوں اور قسطوں پر اشیاءدینے کی آڑ میں سود کا غیرشرعی کاروبار دن دگنی رات چوگنی ترقی کرنے لگا ۔ اہالیان علاقہ کا ”مشرق“ کے نمائندے سے گفتگو کرتے ہوئے کہنا تھا کہ سود کا کاروبار کرنے والوں نے ریکوری کیلئے مبینہ طور پر تھانہ ساندہ پولیس سے ساز باز کرکے ریکارڈ یافتہ غنڈے پال رکھے ہیں جو قسطیں ادا نہ کرسکنے والے مجبور و بے کس شہریوں کو دھمکاتے ہیں حتیٰ کہ گھروں کو تالے تک لگا دیتے ہیں، پولیس کی مبینہ سرپرستی کی وجہ سے تھانے میں بھی مجبور شہریوں کی شنوائی نہیں ہوتی۔ تھانہ ساندہ کے علاقے ساندہ روڈ، حکیماں والہ بازار ، بیڑی پیر ،جاوید چرغہ چوک، شام نگر، حسن چوک اور مختلف علاقوں میں نقد رقم کے ساتھ گھریلو استعمال کی تقریباً سبھی اشیا مقررہ شرح سود پر قسطوں پر فروخت کی جاتی ہیں، مجبور و بے کس شہری اپنی ضرورت پوری کرنے کے چکر میں سود خوروں کی چکنی چپڑی باتوں سے مرعوب ہو کہ نقد رقم اور گھریلو استعمال کی غیر معیاری اشیاءقسطوں پر لے تو لیتے ہیں لیکن بعد میں اصل رقم سے دوگنا واپس کرنے کے باوجود ان کی قسطیں ادا نہ کر سکنے اور تھانے میں سنواءنہ ہونے کی وجہ سے غنڈہ عناصر کی دھمکیوں سے خوف زدہ ہوکہ زہنی ازیت کا شکار ہوکر خودکشی تک پر مجبور ہو جاتے ہیں ۔سود کا دھندا کرنے والوں کی روک تھام کرنے والے اداروں اور پولیس کے اہلکار منتھلی لیکر خاموش تماشائی بنے ہوئے ہیں اور مبینہ طور پر سودی لین دین کرنیوالوں کی سرپرستی کرتے ہیں۔ واضح رہے موجودہ صورتحال تمام سیاسی ادوار میں یکساں رہی ہے۔ اہالیان علاقہ نے وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز،آئی جی اور ڈی آئی جی آپریشنز سے سود کا کاروبار کرنیوالے جعلسازوں اور دھوکہ دہی کے مرتکب افراد اور انکی سرپرستی کرنیوالے پولیس اور متعلقہ محکموں کے اہلکاروں کیخلاف سخت کارروائی کا مطالبہ کیا ہے۔