سی بی ڈی پنجاب کی ایک اور کامیابی،چینی سرمایہ کاروں کی نوازشریف آئی ٹی سٹی میں سرمایہ کاری پر دلچسپی

لاہور (پ ر)پاک چائنہ بزنس کونسل کے ایک اعلیٰ سطحی وفد نے شینزن کائیو انڈسٹریل انوسٹمنٹ ڈویلپمنٹ کی جنرل منیجر کرسٹین لیو لی کی قیادت میں نواز شریف آئی ٹی سٹی (این ایس آئی ٹی) کا دورہ کیا جس کا مقصد پاکستان کے سب سے بڑے اور پہلے آئی ٹی سٹی میں ممکنہ سرمایہ کاری کا جائزہ لینا تھا۔ وفد میں چن جیان لو، چن ڈاباو¿ اور چائنہ پاکستان بزنس کونسل کے سیکرٹری جنرل شفیق الرحمان شامل تھے۔ دورے کے دوران وفد کو این ایس آئی ٹی اور اسکے پیش کردہ سرمایہ کاری کے مواقعوں کے بارے میں جامع طور پر آگاہ کیا گیا۔ بریفنگ میں این ایس آئی ٹی کے سٹرٹیجک فوائد اور پنجاب میں تکنیکی جدت طرازی اور اقتصادی ترقی کے مرکز کے طور پر کام کرنے کی صلاحیت پر روشنی ڈالی گئی۔ پیش کردہ مواقع میں گہری دلچسپی کا اظہار کرتے ہوئے وفد نے این ایس آئی ٹی میں ممکنہ سرمایہ کاری کیلئے جوش و خروش کا اظہار کیا۔ انہوں نے دو طرفہ اقتصادی تعلقات کو فروغ دینے میں این ایس آئی ٹی کی اہمیت کو تسلیم کیا اور خطے میں غیر ملکی سرمایہ کاری کی سہولت کیلئے کی جانے والی کوششوں کو سراہا۔ این ایس آئی ٹی کے دورے کے بعد وفد نے سی بی ڈی پنجاب کے سی ای او عمران امین کی زیر صدارت ایک اعلیٰ سطح کے اجلاس میں شرکت کی جس میں ایگزیکٹو ڈائریکٹر ٹیکنیکل ریاض حسین، ڈائریکٹر مارکیٹنگ وسیم صدیق، ڈائریکٹر پراجیکٹ مینجمنٹ آصف اقبال اور ڈپٹی ڈائریکٹر اربن پلاننگ ناصر مقبول سمیت اہم افسران نے بھی شرکت کی۔ملاقات کے دوران این ایس آئی ٹی کی سرمایہ کاری کی صلاحیت اور منصوبے میں چینی سرمایہ کاری کو آسان بنانے کے طریقوں پر بات چیت ہوئی۔ چینی وفد نے منصوبے پر اپنے اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے چینی سرمایہ کاروں کی جانب سے سرمایہ کاری کیلئے آمادگی کا اظہار کیا۔ اس موقع پر سی ای او سی بی ڈی پنجاب عمران امین نے کہا ہمیں پاک چائنہ بزنس کونسل کے وفد کا این ایس آئی ٹی میں خوش آمدید کہتے ہوئے خوشی ہو رہی ہے۔ این ایس آئی ٹی میں سرمایہ کاری میں ان کی دلچسپی اور عزم منصوبے کی صلاحیت کا ثبوت ہے، پنجاب میں معاشی ترقی اور تکنیکی جدت کو آگے بڑھانا ہے۔ مزید برآں سی ای او سی بی ڈی پنجاب عمران امین نے چینی وفد کو ایک اتھارٹی لیٹر بھی دیا جس میں انہیں این ایس آئی ٹی میں سرمایہ کاری کو آگے بڑھانے کیلئے ضروری اجازت دی گئی۔ شینزن کائیو انڈسٹریل انوسٹمنٹ ڈویلپمنٹ کی جنرل منیجر کرسٹین لیو لی نے این ایس آئی ٹی میں سرمایہ کاری کے تحفظ اور قابل عمل ہونے پر اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ این ایس آئی ٹی میں سرمایہ کاری چینی سرمایہ کاروں کیلئے ایک منفرد موقع پیش کرتی ہے۔ ہمیں یقین ہے کہ یہ ایک گیم چینجر ثابت ہوگا، پنجاب کی معاشی ترقی اور اسکی کامیابی میں کردار ادا کرنے کے منتظر ہیں۔پاک چائنہ بزنس کونسل کے وفد کا دورہ ٹیکنالوجی پر مبنی سرمایہ کاری اور جدت طرازی کیلئے ایک اہم مقام بننے کی جانب این ایس آئی ٹی کے سفر میں ایک اہم سنگ میل ہے۔