میو ہسپتال میں7 نئے ، جدید آپریشن تھیٹرز کا افتتاح،ہسپتالوں کی بہتری کیلئے کوشاں ہیں:صوبائی وزرا

لاہور:(ہیلتھ رپورٹر)صوبائی وزراءصحت خواجہ سلمان رفیق اور خواجہ عمران نذیر نے عیدالفطر کے موقع پر میو ہسپتال لاہور میں7 نئے اور جدید آپریشن تھیٹرز کا افتتاح کر دیا،خواجہ سلمان رفیق اور خواجہ عمران نذیر نے میوہسپتال کے بچہ وارڈ کا بھی دورہ کیا اور بچوں کی عیادت کی۔

صوبائی وزیر صحت خواجہ سلمان رفیق نے اس موقع پر اظہار خیال کرتے ہوئے کہا عیدالفطر کے موقع پر پوری قوم کو مبارکباد پیش کرتا ہوں، صوبہ بھر میں عید کے اجتماعات کے پرامن انعقاد پر پنجاب پولیس کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں، میو ہسپتال میں جدید آپریشن تھیٹرز کا کریڈٹ محسن نقوی اور اب مریم نواز شریف کو دینا ہوگا،سرکاری ہسپتالوں کے حالات بہتر کرنے کی پوری کوشش کر رہے ہیں، عوامی نمائندے عیدالفطر کے موقع پر بھی ملازمین کے شانہ بشانہ ایک ساتھ کام کر رہے ہیں۔

خواجہ عمران نذیر نے اس موقع پر اظہار خیال کرتے ہوئے کہا لگ رہا ہے میو ہسپتال یورپ کے ہسپتال کا منظر پیش کر رہا ہے، میو ہسپتال کی استدکار میں بے پناہ اضافہ ہوا ہے، وائس چانسلر کنگ ایڈورڈ میڈیکل یونیورسٹی پروفیسر ڈاکٹر محمود ایاز نے اس موقع پر اظہار خیال کرتے ہوئے کہا حکومت پنجاب کا شکریہ ادا کرتے ہیں، یہ ایشیاءکی سب سے بڑی ایمرجنسی ہے، آپریشن تھیٹرز کو اسٹیٹ آف دی آرٹ بنایا گیا ہے، جدید آپریشن تھیٹرز کو جلد مکمل کرنے پر تمام ملحقہ اداروں کا شکریہ ادا کرتے ہیں۔

دریں اثنا صوبائی وزیر صحت خواجہ سلمان رفیق نے عیدالفطر کے دن آپریشن تھیٹرز پر جاری پیش رفت کا جائزہ لینے کیلئے پنجاب انسٹی ٹیوٹ آف کارڈیالوجی کا دورہ کیا۔ صوبائی وزیر صحت خواجہ سلمان رفیق نے زیر تکمیل موڈیولر تھیٹرز کا دورہ کرکے پیش رفت کا جائزہ لیا۔