عوام کو گھر کی دہلیز پر بہترین طبی سہولیات کی فراہمی اوّلین ترجیح ہے :صوبائی وزرا صحت

لاہور (ہیلتھ رپورٹر) صوبائی وزرائے صحت خواجہ سلمان رفیق اور خواجہ عمران نذیر کی زیر صدارت محکمہ سپیشلائزڈ ہیلتھ کیئر اینڈ میڈیکل ایجوکیشن میں ہیلتھ ایڈوائزری کمیٹی کا دوسرا اجلاس منعقد ہوا۔ صوبائی وزیر صحت خواجہ عمران نذیر نے اجلاس میں وڈیو لنک کانفرنس کے ذریعے شرکت کی۔ صوبائی وزراءصحت خواجہ سلمان رفیق اور خواجہ عمران نذیر نے اجلاس کے دوران نواز شریف انسٹیٹیوٹ آف کارڈیالوجی سرگودھا اور نواز شریف کینسر کیئر ہسپتال لاہور کے ماسٹر پلان کا تفصیلی جائزہ لیا۔آئی ڈیپ کے افسران نے اس حوالے سے بریفنگ بھی دی۔صوبائی وزیر محکمہ سپیشلائزڈ ہیلتھ کیئر اینڈ میڈیکل ایجوکیشن خواجہ سلمان رفیق نے کہاکہ سرگودھا کی عوام کیلئے سٹیٹ آف دی آرٹ نواز شریف انسٹیٹیوٹ آف کارڈیالوجی بنایا جا رہا ہے۔ پنجاب کی عوام کو ان کے گھر کی دہلیز پر صحت کی بہتر سہولیات کی فراہمی اولین ترجیح ہے۔خواجہ سلمان رفیق نے کہاکہ آبادی میں اضافے کے باعث کئی نئے سرکاری ہسپتالوں کی گنجائش موجود ہے۔ نواز شریف انسٹی ٹیوٹ آف کارڈیالوجی میں مریضوں کو انشاءاللہ جدید طبی سہولیات فراہم کریں گے۔صوبائی وزیرخواجہ سلمان رفیق نے کہاکہ پنجاب میں ڈیزیز برڈن کے لحاظ سے مزید کارڈیالوجی ہسپتالوں کی ضرورت ہے۔ وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے ویژن کے مطابق کینسر کے مریضوں کو ایک ہی چھت تلے علاج و معالجہ کی تمام سہولیات فراہم کرنا چاہتے ہیں۔ صوبائی وزیر محکمہ پرائمری اینڈ سیکنڈری ہیلتھ کیئر خواجہ عمران نذیر نے کہاکہ نواز شریف انسٹی ٹیوٹ آف کارڈیالوجی سرگودھا کو بروقت مکمل کریں گے۔ نواز شریف انسٹی ٹیوٹ آف کارڈیالوجی سرگودھا کی پیشرفت کو مسلسل مانیٹر کریں گے۔ خواجہ عمران نذیر نے کہاکہ عوام کا پیسہ عوام کی بھلائی کیلئے ہی استعمال کریں گے۔ نواز شریف کینسر کیئر ہسپتال لاہور میں ہیلی پیڈ لازمی اور ڈے کیئر سنٹر بھی بنائے جائیں گے۔عوامی منصوبوں پر خرچ کئے جانے والے فنڈز میں سو فیصد شفافیت کو یقینی بنایا جائیگا۔