پتنگ بازی تفریح نہیں خونی کھیل بن چکا ،سخت کارروائی ہوگی:مریم،نواز

فیصل آباد،لاہور :(بیورورپورٹ،اپنے رپورٹر سے)وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز اور قائد ن لیگ نواز شریف فیصل آباد میں ریلوے ہاوسنگ کالونی سمن آباد میں دھاتی تار سے جاں بحق ہونےوالے نوجوان آصف اشفاق کی رہائش گاہ گئے،وزیر اعلیٰ مریم نواز اور قائد ن لیگ نواز شریف نے آصف اشفاق کے والد اشفاق اور دیگر اہل خانہ سے اظہار تعزیت اور دعائے مغفرت کی،وزیر اعلیٰ مریم نواز اور نواز شریف نے آصف اشفاق کی وفات پر گہرے رنج اور دکھ کا اظہار کیا۔

وزیر اعلیٰ نے مرحوم آصف اشفاق کی والدہ کو گلے لگا کر تسلی دی، آصف مرحوم کی والدہ نے ہچکیاں لے کر روتے ہوئے کہا آصف کی شادی کرنی تھی ، مریم نواز ان کا ہاتھ تھام کر تسلی تشفی دیتی رہیں،وزیراعلیٰ پنجاب نے کہا ماں ہوں اور ماں کے دکھ کو سمجھتی ہوں،آصف اشفاق کی دردناک موت پورے معاشرے کےلئے لمحہ فکریہ ہے،پتنگ بازی تفریح نہیں خونی کھیل بن چکا ہے، والدین اپنے بچوں کو پتنگ بازی سے رو کنے کی سماجی ذمہ داری پوری کریں، دھاتی تار بنانے،بیچنے اور خریدنے پر سخت قانونی کارروائی کی جائے گی،نواز شریف نے سوگوارخاندان کو دلاسہ دیا اورکہاسب ملکر اس جرم کو روکیں،خوفناک ویڈیو دیکھی نہیں جاتی۔

مرحوم آصف اشفاق کے والد او ربھائی نے کہا”ہماراآصف چلا گیا، کسی اور کا آصف نہ جائے“،آئی جی پولیس نے واقعہ کے ذمہ دار افراد کی گرفتاری کابتائے ہوئے کہاڈور منگوانے،بیچنے اور خریدنے والے ٹریس ہوچکے ہیں،کے پی کے سے پانڈا ڈور سپلائی کی جا رہی تھی ۔

مزید برآں وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز اور قائد ن لیگ نواز شریف فیصل آباد میں واسا کے ہلاک ہونیوالے سیور مینوں کی رہائش گاہ پہنچ گئے،واسا فیصل آباد کے آصف مسیح اور شان مسیح سیوریج کی صفائی کے دوران ہلاک ہوگئے تھے، مریم نوازنے آصف مسیح کے والد الیاس مسیح اور شان مسیح کے والدمشتاق مسیح سے ملاقات کی ،وزیر اعلیٰ نے متوفی کے بچوں کو گود بٹھا کر پیار کیااور متوفی کی والدہ کو دلاسا دیا،مرےم نوازنے کہاواسا کو اپنے سیور مینوں کی حفاظت کےلئے بھرپور اقدامات کرنے چاہئیں۔ پنجاب میں ورکرز کےلئے آکو پیشنل سیفٹی کٹس دی جارہی ہیں، ہر ورکر میرے لئے اہم ہے، ہر جان قیمتی ہے، نوازشرےف نے کہا آصف اور شان کے دوران ڈیوٹی ہلاک ہونے کا بے حد دکھ ہے۔

علاوہ ازیں وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف سے وفاقی وزیر خزانہ اورنگزیب نے ملاقات کی، ملاقات میں ملکی معاشی صورتحال اور باہمی دلچسپی کے امور زیر بحث آئے، وفاقی وزیر خزانہ اورنگزیب نے وزیر اعلیٰ مریم نوازکو منصب سنبھالنے پر مبارکباد دی، مریم نواز نے کہا مل جل کرپاکستان کو معاشی مشکلات کے دور سے نکالیں گے، وفاقی وزیر خزانہ اورنگزیب سے معاشی بہتری کےلئے عوام دوست فیصلوں کی توقع ہے ،وزیر اعلیٰ پنجاب نے اورنگزیب کےلئے وزارت خزانہ کا قلمدان سنبھالنے پر نیک خواہشات کا اظہارکیا،وفاقی وزیر خزانہ نے کہا مریم نواز کا پہلی خاتون وزیر اعلیٰ پنجاب منتخب ہونا اہم سنگ میل ہے، مریم نواز کے سماجی فلاح کے اقدامات نہایت احسن ہے ۔

مزید برآں وزیراعلیٰ پنجاب مریم نوازاور قائد مسلم لیگ ن نواز شریف سے ترکیہ کے سفیرمہمت پیکاسی نے ملاقات کی جس میں باہمی دلچسپی کے امور اور مختلف شعبوں میں تعاون بڑھانے پر تبادلہ خیال کیا گیا،ترک سفیر نے مختلف شعبوں میں پنجاب حکومت کیساتھ تعاون بڑھانے کی یقین دہانی کرائی،ہاوسنگ،سیاحت،تعلیم،صحت اورووکیشنل ٹریننگ سمیت دیگر شعبوں میں اشتراک کار فروغ دینے پر اتفاق کیا گیا۔