ساہیوال(بےورورپورٹ)کمشنر ساہیوال ڈویژن شعیب اقبال سید نے کہا ہے کہ پودے انسانی بقاءمیں اہم کردار کے حامل ہیں جن کی حفاظت اور آبیاری معاشرے کے ہر فرد کی ذمہ داری ہے۔ زیادہ سے زیادہ درخت لگانے سے ہی ماحولیاتی آلودگی اور گلوبل وارمنگ جیسے مسائل سے نمٹا جا سکتا ہے جس سے پاکستان سب سے زیادہ متاثر ہوا ہے۔ انہوں نے یہ بات ورلڈ فاریسٹ ڈے کے موقع پر فریدیہ پارک میں پی ایچ اے کے زیر انتظام منعقدہ پودے لگانے کی خصوصی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہی جس میں ڈائریکٹر جنرل پی ایچ اے ملک اکرام، ایڈیشنل کمشنر کوارڈینیشن شفیق احمد ڈوگر، ڈائریکٹر ڈویلپمنٹ اینڈ لوکل گورنمنٹ ڈاکٹر سیف اللہ، ڈائریکٹر پبلک ریلیشنز عقیل اشفاق، ڈپٹی ڈائریکٹر پی ایچ اے اللہ یار بھٹی اور مقامی سکولوں سٹی سکول، قائد اعظم سکول، کمپری ہنسو سکول، امل سکول اور ایجوکیٹرکے طلبہ و طالبات نے شرکت کی جنہوں نے پارک میں جامن، بیری، زیتون اور دوسری مقامی اقسام کے سینکڑوں پودے لگائے۔ کمشنر ساہیوال شعیب اقبال سید نے کہا کہ وزیر اعلیٰ مریم نواز گرین پنجاب کے وژن پر خصوصی توجہ دے رہی ہیں اور ان کی ہدایت پر پلانٹ فار پاکستان مہم کے تحت ہر شہری پودا لگارہاہے تاکہ ملک سے درختوں کی کمی کا خاتمہ ہو۔ انہوں نے طلبہ و طالبات پر زور دیا کہ وہ سکولوں میں اپنا اپنا ایک پودا ضرور لگائیں اور اس کی دیکھ بھال بھی کریں۔ اس موقع پر ڈائریکٹر جنرل پی ایچ اے ملک محمد اکرام نے بتایا کہ پی ایچ اے شہر میں پھل دار درخت اور پھول دار پودے لگانے کی خصوصی مہم جاری رکھے ہوئے ہیں تاکہ ساہیوال کو زیادہ خوبصورت بنایا جا سکے۔ انہوں نے اس اہم مہم میں سرکاری و نجی سکولوں کے کردار کو اہم قرار دیتے ہوئے سکول سربراہان پر زور دیا کہ وہ اپنے اپنے اداروں میں ہر بچے سے پودے لگوائیں تاکہ انہیں درختوں کی اہمیت سے آگہی بھی ہو۔دریں اثناءورلڈ فاریسٹ ڈے کے موقع پر چیچہ وطنی فاریسٹ پارک میں پودے لگانے کی ایک بڑی تقریب منعقد ہوئی جس کا اہتمام محکمہ جنگلات نے کیا تھا۔ تقریب میں مقامی سکولوں اور کالجوں کے سینکڑوں طلبہ و طالبات نے 72ہزار سے زائد پودے لگائے۔ تقریب کے مہمان خصوصی کمشنر ساہیوال ڈویژن شعیب اقبال سید تھے جبکہ ایڈیشنل کمشنر کوارڈینیشن شفیق احمد ڈوگر، ڈویژنل فاریسٹ آفیسر ملک وسیم سجاد، محکمہ جنگلات کے دیگر افسران اور شہریوں کی بڑی تعداد بھی تقریب میں موجود تھی۔ کمشنر شعیب اقبال سید نے اس موقع پر اپنے خطاب میں درختوں کی اہمیت اجاگر کرتے ہوئے کہا کہ انسانی بقاءکے لئے درخت انتہائی اہم ہیں جو ہمیں آکسیجن، ایندھن، سایہ اور قیمتی لکڑی فراہم کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ دنیا گلوبل وارمنگ جیسے سنگین مسئلے سے دوچار ہے جس سے نمٹنے کے لئے درخت لگانا ہی واحد حل ہے۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے حکومت سنبھالتے ہی درختوں کی اہمیت کے پیش نظر ”پلانٹ فار پاکستان“ مہم کا اعلان کیا جس میں سکولوں اور کالجوں کے طلبہ و طالبات کو بھی شریک کیا گیا ہے تاکہ نئی نسل بھی درختوں کی اہمیت سے آگاہ ہو سکے۔ اس موقع پر ڈویژنل فاریسٹ آفیسر ملک وسیم سجاد نے بتایا کہ محکمہ جنگلات عوام کو سرکاری نرسریوں سے ارزاں نرخوں پر پودے فراہم کر رہا ہے تاکہ عوام بھی اس قومی مہم میں زور شور سے حصہ لیں اور ملک سے درختوں کی کمی دور کرنے میں اپنا حصہ ڈالیں۔ بعدازاں کمشنر شعیب اقبال سید نے طلبہ و طالبات کے ساتھ ملکر 100ایکڑ پر پودے لگائے۔
پودوں کی آبیاری اور حفاظت معاشرے کے ہر فرد کی بنیادی ذمہ داری ہے :کمشنر ساہیوال



















