بجلی ،گیس مزید مہنگی کرنے کاوعدہ،پاکستان ،آئی ایم ایف میںسٹاف لیول معاہدہ

اسلام آباد:(بیورورپورٹ)تمام اہداف پورے،بجلی ،گیس مزید مہنگی کرنے کاوعدہ،پاکستان ،آئی ایم ایف کے درمیان سٹاف لیول معاہدہ طے پاگیا۔

عالمی مالیاتی فنڈکے اعلامیے میں کہا گیا پاکستان کو معاہدے کے مطابق 1.1ڈالرز جاری کئے جائیں گے تاہم معاہدہ ایگزیکٹوبورڈ کی منظوری سے مشروط ہے،پاکستان کو 1.1ارب ڈالر کی قسط ملتے ہی 3 ارب ڈالر کا سٹینڈ بائی ارینجمنٹ ختم ہو جائے گا،نیا پروگرام اقتصادی بحالی کو مستحکم ومضبوط پائیدار بنیادیں دینے کیلئے ہے، پاکستان نئے پروگرام سے پائیدار ترقی اورمیڈیم ٹرم پروگرام سے مالی کمزوریاں دور کرناو معاشی بحالی چاہتا ہے۔

اعلامیے میں آئی ایم ایف کی جانب سے پاکستان کے معاشی اقدامات کی تعریف کرتے ہوئے کہا گیا سٹیٹ بینک و نگران حکومت کی جانب سے حالیہ مہینوں میں آئی ایم ایف شرائط پر سختی سے عملدرآمد کیا گیا ،نئی حکومت نے بھی پاکستان کو معاشی طور پر مستحکم بنانے کےلئے پالیسیوں کے تسلسل کو جاری رکھنے کا ارادہ ظاہر کیا ،پہلے جائزے کے بعد کے مہینوں میں پاکستان کی معاشی و مالی حالت بہتر ہوئی، بااعتماد پالیسی مینجمنٹ کی پشت پر ترقی و اعتماد کی بحالی جاری ہے۔

آئی ایم ایف نے کہاکثیرالجہتی و دو طرفہ شراکت داروں سے رقوم کی بحالی میں بہتری آئی ،رواںسال پاکستان میں ترقی معمولی رہنے کی توقع اور افراط زر ہدف سے کافی زیادہ ہے،اقتصادی کمزوریوں سے نمٹنے کیلئے جاری پالیسی و اصلاحات کی ضرورت ہے، حکومت نے مسائل کے مستقل حل کیلئے متوسط مدتی فنڈ میں دلچسپی ظاہر کردی۔

اعلامیے میں کہا گیا پاکستان سے میڈیم ٹرم فنڈ سپورٹڈ پروگرام پر مذاکرات کریں گے، فریقین کے درمیان مذاکرات آنے والے مہینوں میں شروع ہوں گے،بہتر پالیسی مینجمنٹ کے باعث معاشی گروتھ و اعتماد بحال ہوا ، امید ہے پرائمری بیلنس 401 ارب تک رہے گا، پرائمری بیلنس معیشت کا 0.4 فیصد رہے گا،پاکستانی حکام ٹیکس بیس میں اضافے پر کاربند ہیں تاہم مہنگائی میں کمی کیلئے سٹیٹ بینک نے شرح سود برقرار رکھنے کا کہا ہے، سٹیٹ بینک غیر ملکی کرنسی مارکیٹ میں شفافیت رکھے گا ،پاکستانی حکام نے بجلی و گیس کی قیمتیں بروقت بڑھانے کا وعدہ کیا۔

آئی ایم ایف نے کہانئے پروگرام پر بات چیت آئندہ مہینوں میں شروع ہونے کی توقع ہے، پاکستان نئے پروگرام میں آ کر ٹیکس نیٹ میں اضافہ ،انتظامات میں بہتری لائے گا، ٹیکس میں اضافے سے غریب طبقے کو تحفظ دینے میں مدد ملے گی،بجلی کی ترسیل و تقسیم میں بہتری لا کر قیمت میں کمی کی جائے گی، کیپٹیو پاور کو گرڈ میں لایا جائے گا، بجلی کی تقسیم کار کمپنیوں و گورننس میں بہتری لائی جائے گی اور بجلی چوری کےخلاف موثر اقدامات کئے جائیں گے۔

اعلامیے میں مزید کہا گیامہنگائی ہدف کے مطابق رکھی جائے گی ،غیر ملکی زرمبادلہ ذخائر میں اضافہ ،نجی شعبے کو ترقی کے منصوبوں میں شامل رکھا جائے گا ،ریاستی ملکیتی اداروں کی کارکردگی بہتر بنائی جائے گی اور ترقی پائیدار بنانے کیلئے انسانی وسائل میں سرمایہ کاری بڑھائی جائے گی۔