لاہور ( خبر نگار ) کمشنر لاہور محمد علی رندھاوا نے رمضان نگہبان پیکیج کی گھرکی دہلیز پر فراہمی کے حوالے سے گجومتہ اور مصطفی آباد کا دورہ کیا۔ وزیر اعلی پنجاب مریم نواز شریف کی ہدایات پر کمشنر لاہور نے رمضان پیکیج ڈورسٹیپ فراہمی کا جائزہ دورہ کیا۔ کمشنر لاہور نے کہا کہ لاہور ڈویژن میں رمضان نگہبان پیکیج 2لاکھ 30ہزار مستحقین کی دہلیز پر فراہم کردیا گیا۔ کمشنر لاہور محمد علی رندھاوا نے گجومتہ لاہور اور مصطفی آباد قصور کے اندرون علاقوں کا دورہ کیا۔ کمشنر لاہور نے 8مستحقین کو رمضان نگہبان پیکیج حوالے کیا۔ دہلیز فراہمی پروٹوکول کو چیک کیا۔ لاہور شہر میں 1لاکھ 17 ہزار، قصور میں 35ہزار مستحقین کی دہلیز پر رمضان نگہبان پیکیج فراہم ہوچکا ہے۔ کمشنرلاہور نے مستحقین کا ڈیٹا، شناختی کارڈ اور کیو آر کوڈسکین کرکے خود ان کی دہلیز پر رکھا۔ کمشنر لاہور نے کہا کہ رمضان پیکیج مستحق کے گھر کی دہلیز پر پہنچایا جارہا ہے۔ کمشنر لاہور نے کہا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب نے گھروں کی دہلیز پر رمضان پیکیج فراہمی سے مستحقین کی عزت نفس کی پاسداری کیلئے کرائی ہے۔ لاہور شہر سمیت پوری ڈویژن میں ڈیڈلائن کے مطابق رمضان نگہبان پیکیج فراہمی کو یقینی بنایا جائیگا۔ دریں اثناء رمضان المبارک کے پہلے روز اشیائے خورو نوش کی پرائس چیکنگ کیلئے کمشنر لاہور محمد علی رندھاوا نے قصور کا دورہ کیا۔ ڈی سی قصور ارشد بھٹی، ایڈیشنل کمشنر عبدالسلام عارف، اے سی قصور رضوان الحق و دیگر افسران بھی ہمراہ تھے۔ کمشنر لاہور نے کہا کہ وزیر اعلی پنجاب مریم نوازشریف کی ہدایت پر رمضان ماڈل بازاروں میں چکن و گوشت کی قیمت نوٹیفائیڈ ریٹ سے بھی 15روپے فی کلوگرام کم ہے۔ کمشنر لاہور نے قصور کے نوٹیفائیڈ ریٹس کے مطابق سبزیوں اور پھلوں کی قیمت فروخت کو چیک کیا۔ انہوں نے کہا کہ قصورکے تمام مجسٹریٹس عام مارکیٹوں پر فوکس کریں، قیمتوں کے معیار و قیمتوں پر کوئی سمجھوتہ نہیں ہوگا۔ قصور کے رمضان ماڈل بازاروں میں ایگریکلچر فیئر شاپس اور لائیو سٹاک شاپس قائم ہو چکی ہیں۔ کمشنر لاہور نے کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی ہدایات کے مطابق صاف ستھرا پنجاب کیلئے قصور نے بہترین کام کیا ہے۔ کمشنر لاہور نے قصور ماڈل ویلجز کا دورہ کیا۔ صفائی انتظامات پر اہل دیہہ نے ضلعی انتظامیہ کی تعریف کی۔ کمشنر لاہور نے ڈی ایچ کیو ہسپتال، رمضان نگہبان ویئر ہاوس، گورنمنٹ ہائی سکول مصطفی آباد کا بھی دورہ کیا۔ کمشنر لاہور نے بابا بلھے شاہ ہسپتال کی چلڈرن وارڈ، میڈیسن سٹور، سی ٹی سکین اور شعبہ حادثات کا دورہ کیا۔ کمشنر لاہور نے کہا کہ بابا بلھے شاہ ڈی ایچ کیو ہسپتال میں صفائی کا معیار بہترین ہے مزید اپ گریڈ کرینگے۔ کمشنر لاہور نے ہائی سکول میں جاری رویژن کلاس میں جاکر طلباءسے سوالات کیے۔ حوصلہ افزائی کی۔ سرکاری سکولوں میں بہترین اساتذہ پڑھاتے ہیں۔ طلباءبھی نہایت محنتی ہیں۔ کمشنر لاہور محمد علی رندھاوا کے دورہ کے دوران ڈی سی قصور ارشد بھٹی، ایڈیشنل کمشنر عبدالسلام عارف، اے ڈی سی جی قصور جعفر و دیگر افسران بھی ہمراہ موجود تھے۔
ڈویژن بھر میں ڈیڈلائن کے مطابق رمضان نگہبان پیکیج فراہمی یقینی بنائی جائیگی:کمشنر لاہور



















