لاہور ( حافظ کاشف سندھو سے )لاہور کی مختلف سڑکوں پر موبائل منی پٹرول پمپس قائم، دکانوں پر کھلے پٹرول کی فروخت کا کاروبار ضلعی انتظامیہ کے اہلکاران اور پولیس کی مبینہ سرپرستی میں جاری، شہریوں کی جانوں کو شدید خطرات لاحق ،ضلعی انتظامیہ اور پولیس کسی بڑے حادثے کی منتظر ، شہری حلقے تشویش کا شکار۔لاہور کے مختلف گنجان آباد علاقوں میں منی پٹرول پمپس قائم ہیں جہاں سیفٹی کو مدنظر رکھے بغیر پٹرول کی فروخت روزانہ کی بنیاد پر جاری ہے۔ دوسری طرف مختلف مارکیٹس میں دکانوں پر غیر قانونی منی پیٹرول پمپس قائم ہیں جہاں پٹرول بوتلوں میں بند کرکے غیر قانونی طور پر بیچا جارہا ہے حالانکہ آئے روز منی پٹرول پمپس پر حادثات بھی رونما ہوچکے ہیں مگر ضلعی انتظامیہ کے اہلکاران اور پولیس کو چند ٹکوں کی لالچ نے اندھا کر دیا جس کی وجہ سے ان کے کانوں پر جوں تک رینگتی نظر نہیں آرہی ضلعی انتظامیہ اہلکاران اور پولیس کی غفلت ولاپرواہی اور افسران کی عدم توجہ کے باعث یہ غیرقانونی کاروبار دھڑلے سے جاری ہے۔ذرائع کے مطابق اندرون شہر شاہ عالمی ،تھانہ لوہاری ،ٹبی تھانہ کے علاوہ 30 سے زائد جبکہ لاہور کے مختلف مقامات جن میں لیاقت آباد ،راج گڑھ ،ساندہ، شام نگر ،درجنوں پیٹرول فروخت کرنے کی دکانوں پہ مشینیں لگا کر پیٹرولیم مصنوعات کی فروخت کاگھناونا کاروبار کیاجارہاہے اورپیٹرولیم مصنوعات فروخت کرنے والے دکاندار پیٹرولیم قوانین کی کھلم کھلا دھجیاں اڑا نے میں مصروف ہیں جبکہ پولیس اور سول ڈیفنس سمیت دیگر قانون نافذ کرنے والے اداروں نے ابھی تک آنکھیں موندرکھی ہیں۔ کھلا پیٹرول فروخت کرنا قانوناًجرم ہے لیکن قانون کی خلاف ورزی کرنے والوں والوں کے خلاف ضلعی انتظامیہ اور پولیس کاروائی کرنے کی بجائے الٹا انہیں تحفظ فراہم کر رہی ہیں ۔ شہریوں نے وزیر اعلیٰ پنجاب ،کمشنر لاہور ،آئی جی پنجاب اور سی سی پی او لاہور سے اس جان لیوا کاروبار کرنے والوں کیخلاف کارروائی کا مطالبہ کیا ہے۔
شہر میں سڑکوں پر جگہ جگہ موبائل پٹرول پمپ چلتے پھرتے بم ،ضلعی انتظامیہ اور پولیس کی مبینہ سرپرستی حاصل

















