لاہور ( خبر نگار ) لاہور الیکٹرک سپلائی کمپنی (لیسکو) کے چیف ایگزیکٹوانجینئر شاہد حیدر کا کہنا ہے کہ لیسکوتمام بجلی تقسیم کار کمپنیوں میں پہلے نمبر پر ہے جہاں سولر نیٹ میٹرنگ سے بجلی کی پیداوارسب سے زیادہ کی جا رہی ہے۔ چیف ایگزیکٹو انجینئر شاہد حیدر نے ڈائریکٹر جنرل میراڈ الطاف قادرسے میٹنگ کے دوران تمام سپرٹینڈنگ انجینئرز کو ہدایات جاری کرتے ہوئے کہا کہ نیٹ میٹرنگ کے حوالے سے دی گئی تمام ایس او پیز پر مکمل طور پر عمل درآمد کروایا جائے۔ نیٹ میٹر کنکشن کو صارفین کیلئے صاف شفاف اور آسان بنایا جائے۔ ان کا کہنا تھا کہ نیٹ میٹر لگنے کے بعد اس کی بلنگ کے عمل کو جلد از جلد مکمل کیا جائے۔لیسکو چیف نے سختی سے ہدایات دیتے ہوئے کہا کہ اگر کوئی بھی اہلکار اس کام میں رشوت لیتا اور کام میں تاخیر کرتا پایا جائے اس کیخلاف سخت سے سخت تا دیبی کاررائی عمل میں لائے جائے۔چیف ایگزیکٹو نے اس کام کیلئے تین رکنی کمیٹی بنا ئی ہے جس کے کنونیئر ڈپٹی منیجر (سی ایم میراڈ) کامران مسعود خان،اسسٹنٹ منیجر (سی ایم II)میراڈ اور اسسٹنٹ منیجر فنانس جواد اقبال ہیں۔یہ کمیٹی خود دفاتر میں جا کر نیٹ میٹرنگ کی فائلز کی جانچ پڑتال کریگی۔یہ کمیٹی نیٹ میٹرنگ کی فائلوں میں غیر ضروری تاخیر، بلنگ میں تاخیر،ایس او پی پر عملدرآمد کرنے جیسے کاموں کا بھی جائزہ لے گی۔اگر کسی سولر کمپنی یا صارف کو کوئی مسئلہ درپیش ہو تو وہ ڈائریکٹ ڈی جی میراڈ کو کال کر سکتا ہے، اسکے مسائل کا فوری ازالہ کیا جائیگا۔ چیف ایگزیکٹو لیسکونے اس عزم کا اعادہ کیا ہے کہ کارکردگی میں مزید بہتری لاتے ہوئے لیسکو کو ترقی کی نئی راہوں پر گامزن کریں گے۔علاوہ ازیں لاہور الیکٹرک سپلائی کمپنی میں بجلی چوروں کیخلاف آپریشن جاری ہے۔ گزشتہ 24 گھنٹوں میں 406 ملزمان بجلی چوری میں ملوث پائے گئے۔ ترجمان لیسکو کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 160 بجلی چوروں کیخلاف مقدمات درج کئے گئے، پکڑے جانے والے کنکشنوں میں 14 کمرشل، ایک انڈسٹریل اور 391 ڈومیسٹک تھے۔ تمام کنکشن منقطع کرکے انکو 2 لاکھ 62 ہزار 490 یونٹس ڈٹیکشن بل کی مد میں چارج کئے گئے ہیں جن کی مالیت 86 لاکھ 45 ہزار 664 روپے ہے۔ بجلی چوروں کیخلاف کئے جانیوالے آپریشن میں بڑے کمرشل صارفین بھی چوری میں ملوث پائے گئے۔ ان تمام کے کنکشن بھی منقطع کئے گئے اورانکو ڈٹیکشن یونٹس چارج کئے گئے۔ مہم کے دوران مجموعی طو رپر 58 ہزار 610 ملزمان بجلی چوری میں ملوث پائے گئے، 54022 ملزمان کیخلاف مقدمات درج کروا ئے گئے جبکہ 17712 ملزمان کو گرفتار کرلیا گیا۔ بجلی چوروں کو اب تک 7 کروڑ 72 لاکھ 43 ہزار 631 یونٹس چارج کئے گئے جن کی مالیت 2 ارب 95 کروڑ65 لاکھ 49 ہزار 292 روپے بنتی ہے۔لیسکو چیف کا کہنا ہے کہ بجلی چوری کے مکمل خاتمے تک بلا تفریق گرینڈ آپریشن جاری رہے گا۔ آپریشن کے دوران بجلی چوروں کے ساتھ ساتھ انکی سرپرستی کرنیوالے لیسکو افسران و ملازمین کو بھی قانون کے کٹہرے میں لایا جائیگا۔دریں اثناءایس ڈی او شالامار سب ڈویژن نے اسٹاف کے ہمراہ لکھوڈیر کے علاقہ میں سرچ آپریشن کیا۔دوران آپریش بسم اللہ میڈیکل سٹور میں بجلی چوری پکڑی گئی۔ملزم ڈائریکٹ سپلائی لگا کر بجلی چوری کر رہا تھا۔موقع پر کنکشن منقطع کر دئیے گئے اور ملزم کیخلا ف ایف آئی آر کے لئے درخواست متعلقہ تھانے میں جمع کروا دی گئی۔محکمہ کی جانب سے ملزمان کو 4456یونٹس ڈٹیکشن بل کی مد میں چارج کئے گئے ہیں۔دوسری طرف لیسکو چیف ایگزیکٹو انجینئر شاہد حیدر کی ہدایت پر نادہندگان کیخلاف مہم جاری ہے۔ اس سلسلے میں 164 روز سے جاری مہم کے دوران86492 ڈیفالٹرز سے 2ارب 58 کروڑ روپے سے زائد کی ریکوری کرلی گئی۔چیف ایگزیکٹو لیسکو کا کہنا ہے کہ نا دہندگان کے باعث ادارے کو نقصان کا سامنا ہے، ان کے خلاف کارروائی کا سلسلہ جاری رہیگا۔
نیٹ میٹر کنکشن کو صارفین کیلئے صاف شفاف اور آسان بنایا جائے :چیف ایگزیکٹو لیسکو



















