تھانوں میں ناتجربہ کار سب انسپکٹرز کی بطور ایس ایچ او ز تعیناتیاں ،کرائم اور کرپشن کا گراف مزید بلند

لاہور (حافظ کاشف سندھو) شہر کے متعدد تھانوں میں انسپکٹرز کی جگہ ناتجربہ کار سب انسپکٹرز کی بطور ایس ایچ او ز تعیناتیوں سے مسائل بڑھ گئے ،تھانوں کے درو دیوار تو بدل گئے لیکن سائلین کے ساتھ پولیس کا رویہ بہتر نہ ہوسکا، نا تجربہ کار سب انسپکٹرز کی جانب سے آئی جی پنجاب کے ویژن کی کھلم کھلا خلاف ورزی جاری ،گٹکا مافیا کی سپورٹ جوا، منشیات فروشی، غیر قانونی پیٹرول پمپ مشینوں کی تنصیب ،چائنہ گیمز اور بلیئرڈ کلبوں پر ہونے والے جوئے سے حرام مال اکٹھا کرنا اوّلین ترجیح، متعدد بار خبروں کے ذریعے نشاندہی کے باوجود اعلیٰ پولیس افسران کی جانب سے مبینہ طور پر کوئی ایکشن نہ لینا اور انکی معنی خیز خاموشی جرائم کے خاتمے کیلئے افسران کی دلچسپی ظاہر کرتی ہے۔ جرائم کی وارداتوں کے ساتھ کرپشن کا گراف بھی اس حد تک بڑھ گیا ہے، ان سب انسپکٹر حضرات نے مبینہ طور پر دو، دو جیبیں ایکسٹرا لگوا لیں، شہریوں کا پولیس کی کارکردگی پر عدم اعتماد ،اعلیٰ پولیس حکام سے پولیسنگ نظام پر نظر ثانی کا مطالبہ ،تفصیلات کے مطابق شہر کے متعدد تھانوں میں انسپکٹرز کی بجائے سب انسپکٹروں کو ایس ایچ اوز تعینات کردیاگیاہے ۔ شہریوں کا کہنا ہے کہ جونیئر اور ناتجربہ کار سب انسپکٹروں کی بطور ایس ایچ اوتعیناتیاں زیادہ ترسیاسی اور بااثر افسران کی سفارشوں پر کی جارہی ہیں جنہوں نے کرپشن کا بازار گرم کر رکھا ہے ہر جائز کام کے بدلے بھی بلا جھجھک نذرانہ طلب کیا جاتا ہے جبکہ تھانوں میں سینئر انسپکٹرز سے بطور تفتیشی آفسیر کے کام لئے جارہے ہیں اور بہت سے قابل افسران کو کھڈے لائن لگا دیا گیا ہے۔ سینئرز اور جونیئرز کے عہدوں میں فرق ،اختیارات کی غیر منصفانہ تقسیم کے پیش نظر انسپکٹرز کی جونیئرز کے ماتحت رہ کر دلجمعی سے کام نہیں کر پاتے جس سے انسپکٹرز کی کارکردگی پر براثر اور جرائم میں اضافہ ہورہا ہے ،بعض سب انسپکٹر ز نے بطور ایس ایچ او اپنے اصل فرائض پر توجہ دینے کی بجائے علاقے کے بااثر جرائم پیشہ افراد ،قبضہ گروپوں سے تعلقات استوار کررکھے ہیں۔ تھانوں میں جرائم پیشہ افراد کا آنا جانا لگا رہتاہے اور ان کو پروٹوکول دیا جا رہا ہے جبکہ شریف شہریوں کے ساتھ نزرانہ نہ دینے کی صورت میں بد تمیزی معمول ہے ۔شہریوں نے وزیر اعلیٰ پنجاب،آئی جی پنجاب سے معاملہ کی سنگینی کاادراک کرتے ہوئے پولیس نظام میں بہتری لانے اور میرٹ پر کرائم فائیٹر انسپکٹرز کی بطور ایس ایچ اوز تعیناتیوں کا مطالبہ کیاہے۔