بجلی چوروں کو 2 ارب 93 کروڑ سے زائد جرمانے، نادہندگان سے بھی وصولیاں

لاہور (خبرنگار) لاہور الیکٹرک سپلائی کمپنی کی جانب سے بجلی چووروں کے خلاف کریک ڈاﺅن جاری ہے ،166 روز سے جاری مہم کے دوران 17 ہزار 627 ملزمان کو گرفتار کیا گیا ۔ترجمان لیسکو کے مطابق مجموعی طور پر 57 ہزار 401 ملزمان بجلی چوری میں ملوث پائے گئے،52 ہزار 957 ملزمان کے خلاف مقدمات درج کئے گئے۔بجلی چوروں کو اب تک 7 کروڑ63 لاکھ ایک ہزار 843 یونٹس چارج کئے گئے جن کی قیمت 2 ارب 93 کروڑ30 لاکھ49 ہزار 663 روپے بنتی ہے۔ ترجمان کے مطابق 24 گھنٹوں میں 401 ملزمان بجلی چوری میں ملوث پائے گئے، 154 ملزمان کے خلاف مقدمات درج ہوئے، پکڑے جانیوالے کنکشنوں میں 6 کمرشل، 3 زرعی، ایک انڈسٹریل اور391 ڈومیسٹک تھے، تمام کنکشن منقطع کرکے انکو 2 لاکھ 92 ہزار 9 سو76 یونٹس ڈٹیکشن بل کی مد میں چارج کئے گئے،24 گھنٹوں کے دوران چارج کئے گئے یونٹس کی مالیت 96 لاکھ 29 ہزار 318 روپے بنتی ہے۔ دریں اثناءلیسکو کی جانب سے نادہندگان کے خلاف مہم جاری، 161 ویں روز 45 لاکھ روپے سے زائد کی وصولی کرلی گئی۔ لاہور الیکٹرک سپلائی کمپنی (لیسکو) کے چیف ایگزیکٹو انجینئر شاہد حیدر کی ہدایت پرڈائریکٹر کسٹمرسروسز رائے اصغر کی زیرنگرانی نادہندگان کے خلاف مہم جاری، اس سلسلے میں چیف انجینئرز تحصیل داروں کی معاونت سے ریکوری کو بہتر سے بہترین کر رہے ہیں۔ 161 روز سے جاری مہم کے دوران 85393 ڈیفالٹرز سے 2ارب 55 کروڑ روپے سے زائد کی ریکوری کرلی گئی۔ چیف ایگزیکٹو لیسکو کا کہنا ہے کہ نا دہندگان کے باعث ادارے کو نقصان کا سامنا ہے، ان کے خلاف کارروائی کا سلسلہ جاری رہیگا۔