تل ابیب (مشرق نیوز) اسرائیل کی رفح پر فضائی حملوں میں 28 فلسطینی شہید ہوگئے جن میں 10 بچے بھی شامل ہیں جبکہ درجن سے زائد زخمی ہیں۔ عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق وزیراعظم نیتن یاہو کی جانب سے رفح پر حملے اور حماس کے خاتمے کیلئے مانگے گئے منصوبے کے چند گھنٹوں بعد ہی اسرائیلی فوج نے رفح پر وحشیانہ بمباری کردی۔ وزیراعظم نیتن یاہو نے فوج سے یہ بھی کہا تھا کہ وہ زمینی حملوں سے قبل جنوبی غزہ شہر سے لاکھوں لوگوں کے انخلا کا منصوبہ بنائے۔ اس اعلان کے بعد سے شہریوں میں خوف و ہراس پھیل گیا تھا۔ گزشتہ روز ہونے والی اسرائیلی بمباری میں 28 فلسطینی شہید اور درجن سے زائد زخمی ہوگئے۔ یاد رہے کہ غزہ کے 23 لاکھ شہریوں میں سے نصف سے زائد رفح میں پناہ لئے ہوئے ہوئے ہیں اور تقریباً روز ہی اسرائیل یہاں بمباری کر رہا ہے۔ غزہ کی وزارت صحت کے ترجمان اشرف القدرہ نے بتایا کہ خان یونس کے سب سے بڑے ناصر ہسپتال پر اسرائیلی فورسز نے فائرنگ کی جس میں ایک فلسطینی شہید اور متعدد زخمی ہوگئے۔ اس ہسپتال میں 300 طبی عملہ، 450 مریض اور 10 ہزار بے گھر افراد پناہ لے ہوئے ہیں۔ واضح رہے کہ 7 اکتوبر سے جاری وحشیانہ بمباری میں شہید ہونے والے فلسطینیوں کی تعداد 28 ہزار سے تجاوز کرگئی جبکہ 60 ہزار سے زائد زخمی ہیں۔
اسرائیل کی معصوم فلسطینیوں پر وحشیانہ بمباری کا سلسلہ جاری ،10 بچوں سمیت 28 شہید

















