نوا ز کے سہولت کار سن لیں!مینڈیٹ پر ڈاکہ ڈالا تو نتائج چھینیں گے،بلاول

تھرپارکر،میرپور خاص (مشرق نیوز)چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے نواز شریف کٹھ پتلی حکومت بناکر عوام کے حقوق پر ڈاکہ ڈالنا چاہتے ہیں، قائد ن لیگ کے سہولت کار سن لیں! دھاندلی برداشت نہیں کریں گے،شیر والوں نے سندھ کے معدنی پہاڑی علاقے کارونجھر کی طرف ہاتھ بڑھایا تو کاٹ دیں گے،ان خیالات کااظہار انہوں نے چھاچھرو تھر پارکر ،میر پور خاص میں جلسوں سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

بلاول بھٹو نے کہاواحد لیڈر ہوں جو عوام سے ووٹ مانگ رہا ہے، میرے ساتھ کوئی اور نہیں صرف عوام کھڑے ہیں،باقی سیاستدان دوسروں کی طرف دیکھ رہے ہیں، حکومت ملی تو غریب عوام کےلئے 30لاکھ گھر بنا کر دوں گا، آمدنی دوگنی کر کے دکھاﺅں گا،8فروری کے بعد تھرکول منصوبے پر مزیدکام کریں گے، منتخب ہوئے تو تھرپارکر سے کراچی تک ٹرین چلائیں گے۔

چیئرمین پیپلز پارٹی نے کہاشیر والے کارونجھر کی طرف دیکھ رہے ہیں وہ حکومت بناکر آپ کے گرینائٹ کو بیچیں گے، بےنظیر بھٹو آج بھی موجود ہے، انہوں نے کارونجھر کی طرف ہاتھ بڑھایا تو ہاتھ کاٹیں گے،نواز شریف کٹھ پتلی حکومت بناکر عوام کے حقوق پر ڈاکہ ڈالنا چاہتے ہیں،8فروری کو تیروں کی بارش ہوگی۔

بلاول بھٹو زرداری نے دعویٰ کیا نواز شریف نے دھاندلی کےلئے نگراں حکومت کے عہدیداروں سے فارم 45 اور فارم 47 رائیونڈ بھیجنے کا مطالبہ کیا ہے، سہولت کار سن لیں دھاندلی برداشت نہیں کریں گے، سارے علاقے ن لیگ کے ہاتھ سے نکل چکے اب پورا ٹبر لاہور میں اپنا گھر بچانے کی کوشش کررہا ہے،سندھ اور پورا پاکستان نفرت ،تقسیم کی سیاست کو مسترد کرے گا۔

سابق وزیر خارجہ نے مزید کہاعوام بزدل گیدڑ کا ساتھ نہیں دیں گے،ن لیگ کی بھول ہے وہ دھاندلی کرلے اور خاموش بیٹھ جائیں، پی پی کے جیالے ممی ڈیڈی نہیں بلکہ ضیا کا مقابلہ کرتے آرہے ہیں، مشرف کا بھی مقابلہ کیا ،دھاندلی کی سازشیں کرنےوالا شیر نہیں بلی ہے ،بندوبست کریں گے،مینڈیٹ پر ڈاکہ ڈالا گیا تو ملکر الیکشن کمیشن جاکر نتائج چھینیں گے۔