لاہور (مرزا ندیم بیگ) آئی جی جیل خانہ جات پنجاب میاں فاروق نذیر کا پنجاب بھر کی جیلوں میں بند قیدیوں اور حوالاتیوں کیلئے ایک اور احسن اقدام بہت جلد ان کے بہترین علاج کیلئے ذمہ داری ہیلتھ ڈیپارٹمنٹ کو دینے کا فیصلہ کر لیا گیا جس کے بعد جیلوں میں بیمار ہونے والے قیدیوں و حوالاتیوںکو میڈیکل کے حوالے سے کسی قسم کی کوئی پریشانی کا سامنا نہیں کرنا پڑےگا۔ اسکے علاوہ کوٹ لکھپت جیل میں ایک ہی روز میں بیماری کے باعث جاں بحق ہونے والے تین قیدیوں کے بارے میں آئی جی جیل خانہ جات نے بتایا کہ ایک تو تینوں ایک ہی روز میں جاں بحق نہیں ہوئے تھے دو قیدی شدید بیمار تھے جس کے باعث ان کو باہر ہسپتال میں داخل کروایا گیا تھا ان کی ڈیتھ بھی وہیں ہسپتال میں ہوئی تھی جبکہ تیسرا قیدی اچانک ہارٹ اٹیک ہونے کی وجہ سے جیل میں جاں بحق ہو ا تھا ان کے اگلے روز ،آئی جی کا کہنا تھا کہ اس حوالے سے باقائدہ انکوائری بھی کروائی گئی تھی جو کہ ڈی آئی جی لاہور ریجن نے کی تھی ،آئی جی جیل خانہ جات پنجاب میاں فاروق نذیر نے مشرق سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ محکمہ ہیلتھ والوں سے معاملات تقریباً طے پا چکے ہیں بہت جلد پنجاب بھر کی تمام جیلوں میں بند قیدیوں و حوالاتیوں کے میڈیکل کی تمام تر ذمہ داریاں ان کے سپرد ہو جائیں گی جس کے بعد تمام قیدیوں کا علاج مزید بہتر طریقے سے ہوا کرے گا اس کے علاوہ میڈیسن جو بھی درکار ہو گی بروقت دستیاب ہو سکے گی ان کا کہنا تھا کہ اس سے قبل جیلوں میں میڈیکل کے حوالے سے سہولیات تو دی گئی تھیں لیکن ایمرجنسی کی صورت میں پریشانی کا سامنا کرنا پڑتا تھا لیکن اب جب ہیلتھ ڈیپارٹمنٹ ذمہ داری نبھائے گا تو تمام مسائل حل ہو جائیں گے ،قیدیوں اور حوالاتیوں کو جہاں دیگر تمام سہولیات میسر ہیں، ان کیلئے یہ بھی ایک نعمت سے کم نہ ہوگا،آئی جی جیل خانہ جات کا کہنا تھا کہ گورنمنٹ کی کاوشوں سے ہی جیلوں میں درپیش تمام مسائل نہ صرف حل ہوئے ہیں بلکہ مزید بہتری کیلئے اقدامات اٹھائے جا رہے ہیں۔
آئی جیل کا ایک اور احسن اقدام، قیدیوں کے بہترین علاج کیلئے ذمہ داری ہیلتھ ڈیپارٹمنٹ کو دینے کا فیصلہ

















