لاہور (کامرس رپورٹر) پاکستان میں پہلی بار آسمانی بجلی گرنے کے مقام کی نشاندہی کیلئے ملک کے مختلف حصوں میں جدیدترین آلات کی تنصیب شروع کردی گئی۔ لاہورسمیت مختلف شہروں میں 25 لائٹنگ ڈیٹیکٹرز لگائے جارہے ہیں۔ ماہرین کا کہنا ہے ان آلات سے نہ صرف آسمانی بجلی گرنے کی پیشگی اطلاع بلکہ ہوا کی رفتار، بارش کی مقدار اور سیلاب سے متعلق بھی پیشگی اطلاع حاصل کی جا سکے گی، دوسری طرف ماہرین کا کہنا ہے کہ اس سسٹم کی صلاحیت کافی محدود ہے تاہم کچھ نہ ہونے سے بہتر ہے۔ آسمانی بجلی گرنے کی پیشگی اطلاع دینے والے 25 لائٹنگ ڈیٹیکٹرز چین کی طرف سے پاکستان کو تحفے کے طور پردئیے گئے ہیں جن کی مالیت 10 لاکھ امریکی ڈالر ہے۔ ڈائریکٹر جنرل محکمہ موسمیات نے بتایا کہ لائٹنگ ڈیٹیکٹرز پورے ملک میں نصب کر رہے ہیں، ان ڈیٹیکٹرز کی تنصیب کیلئے اونچے ٹاور لگائے جارہے ہیں۔ لاہور میں علامہ اقبال انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر ان آلات کی تنصیب کی جارہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ نئے آلات ماحولیاتی تبدیلیوں کے سبب قدرتی آفات کی بروقت نشاندہی کریں گے۔ پاکستان میں ہرسال آسمانی بجلی گرنے سے کتنی اموات ہوتی ہیں، اس کے درست اعدادوشمار کسی حکومتی ادارے کے پاس نہیں ہیں تاہم محکمہ موسمیات کے حکام کا کہنا ہے ہرسال آسمانی بجلی گرنے سے اوسطا 200 افراد کی موت ہوتی ہے جبکہ مویشیوں سمیت املاک کو بھی نقصان پہنچتا ہے۔ پاکستان میں آسمانی بجلی گرنے کے سب سے زیادہ واقعات تھرپارکر میں رپورٹ ہوتے ہیں۔ لائٹنگ ڈیٹیکٹر 100 مربع کلومیٹر کے علاقے میں آسمانی بجلی کے گرنے کی پیشگی اطلاع دے سکتا ہے۔ چین نے ایک جدید ریڈار بھی دیا ہے جس کی رینج 14 ہزار مربع کلومیٹر ہے۔اس جدید ریڈار کی مدد سے نہ صرف آسمانی بجلی گرنے کی پیشگی اطلاع بلکہ ہوا کی رفتار، بارش کی مقدار، سیلاب، فلیش فلڈنگ کے متعلق بھی پیشگی اطلاع حاصل کی جا سکتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ان آلات کی تنصیب کے بعد محکمہ موسمیات پاکستان کے ہر خطے اور شہر میں آسمانی بجلی گرنے کی پیشگی اطلاع دے سکے گا۔ اب تک پاکستان میں آسمانی بجلی گرنے کی پیشگی اطلاع کا جدید نظام موجود نہیں تھا۔
آسمانی بجلی گرنے کے مقام کی نشاندہی کیلئے جدید آلات کی تنصیب کا آغاز



















