جنگ کی آگ مشرق وسطیٰ میں پھیل گئی، امریکہ ، برطانیہ کی یمن پر بمباری

یمن،نیویارک (مشرق نیوز،بیورورپورٹ)جنگ کی آگ بالآخر مشرق وسطی میں پھیلا دی گئی، امریکہ اور برطانیہ نے یمن میں حوثیوں کےخلاف نیامحاز کھول دیا، فلسطینیوں سے حمایت کے اظہار میں پیش پیش رہنے والے یمنی حوثیوں کےخلاف امریکی اور برطانوی طیاروں نے بمباری شروع کردی، دارالحکومت صنعا میں بھی دھماکوں کی آوازیں گونجنے لگی،یمن پر امریکی و برطانوی فضائی حملوں کے بعد یمن کے انقلابی رہنما عبدالمالک بدرالدین الحوثی نے جارحیت کا مقابلہ کرنے کے عزم کا اظہار کرتے ہوئے قوم کو پیغام دیا دشمن کو میزائلوں اور ڈرونز کا نشانہ بنایا جائے،عرب میڈیا کی رپورٹ کے مطابق لڑاکا طیاروں، بحری جہازوں اور آبدوزوں کی مدد سے یمن کے دارالحکومت صنعا، بندرگاہی شہر حدیدہ اور شمالی شہر سعدہ میں درجن بھر سے زائد مقامات پر بمباری کی گئی ہے، حملوں میں ”ٹام ہاک“ میزائلوں کا بھی استعمال کیا گیا،حملوں کے بعد بیان میں امریکہ کے صدر بائیڈن نے کہا حملے بحر احمر میں بین الاقوامی جہازوں پر ان حملوں کا جواب ہیں جن میں پہلی بار اینٹی شپ بیلسٹک میزائل بھی استعمال کیے گئے تھے،برطانوی وزیراعظم رشی سونک نے کہا حوثیوں کو جہازوں پر حملوں سے کئی بار خبردار کیا گیا تھا اور یہ صورتحال برداشت نہیں کی جاسکتی تھی، اسرائیل سے تعلق رکھنے والے بحری جہازوں کو بحیرہ احمر، بحیرہ عرب اور باب المندب سے گزرنے سے ہرصورت روکا جائے،عبدالمالک الحوثی نے کہا پہلے امریکی ایجنٹوں کےخلاف ہزاروں یمنی شہریوں نے جانیں پیش کی تھیں، اب فلسطینیوں کیلئے امریکہ ، برطانیہ اور اسرائیل سے براہ راست نمٹنے کیلئے تیار ہیں، سعودی عرب نے یمن پر امریکی و برطانوی حملوں پر ردعمل دیتے ہوئے کہا ہے یمن کے متعددمقامات پرامریکہ اوربرطانیہ کے فضائی حملوں پرگہری تشویش ہے،یمن میں حوثیوں پر امریکی و برطانوی حملوں پر کانگریس میں ڈیموکریٹک اراکین کی جانب سے بھی تحفظات کا اظہار کیا گیا ہے،برطانوی خبر ایجنسی کے مطابق کیلی فورنیا سے ڈیموکریٹک رکن آر او کھنہ نے کہا یمن میں حوثیوں کےخلاف فوجی آپریشن شروع کرنے اور مشرق وسطیٰ میں ایک نیا تنازع شروع کرنے سے قبل امریکی صدر کو کانگریس سے منظوری لینی چاہیے تھی، صدر پر ایسی منظوری کیلئے یہ پابندی امریکی آئین عائد کرتا ہے، میں ڈیموکریٹک یا ریپبلکن کا فرق کیے بغیر آئین کی بالادستی کے حق میں کھڑا ہوں،اوریگون سے ڈیموکریٹک رکن ویل ہوئل نے کہا حملوں کی کانگریس سے منظوری نہیں لی گئی ہے اور امریکی آئین اس سے متعلق بہت واضح ہے کہ کسی بھی غیر ملکی تنازعے میں ملکی فوج کی مداخلت کا فیصلہ کرنے کا اختیار صرف اور صرف کانگریس کے پاس ہے اور ہر صدر کو پہلے کانگریس سے منظوری لینی چاہیے،ایک اور ڈیموکریٹ رکن جیسن کرو نے کہا میں امریکہ کو دہائیوں کیلئے ایک نئی جنگ میں دھکیلنے کے اس عمل کی حمایت نہیں کرسکتا،وسکنس سے ڈیموکریٹک رکن مارک پوکن نے کہا امریکہ کانگریس کی منظوری کے بغیر دہائیوں کیلئے ایک نئے تنازعے میں پھنسنے کا رسک نہیں لے سکتا ہے، وائٹ ہاو¿س کو مزید حملوں سے قبل کانگریس کو اپنے اعتماد میں لینا چاہیے،دوسری جانب امریکہ اور برطانیہ نے یمن میں بمباری کرکے بربریت کی نئی تاریخ رقم کردی، بمباری کے بعد روس نے اقوام متحدہ کا ہنگامی اجلاس طلب کرلیا،غیرملکی میڈیا کے مطابق امریکی اور برطانوی بمباری سے یمن کا دارالحکومت صنعا دھماکوں سے گونج اٹھا،جوابی کارروائی مین یمنی حوثیوں نے میزائل فائر کیے، حملوں کے بعد روس نے حملوں کی مذمت کرتے ہوئے اقوام متحدہ کا ہنگامی اجلاس طلب کرلیا۔