فیڈریشن آف پاکستان چیمبرز ملکی ترقی میں اہم کردار ادا کررہی ہے: گورنر پنجاب

لاہور (اپنے رپورٹر سے) گورنر پنجاب بلیغ الرحمن سے گورنر ہاﺅس لاہور میں فیڈریشن آف پاکستان چیمبرز آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے وفدنے وفاقی نگران وزرا تجارت صنعت و پیداوار گوہر اعجاز ، نگران وفاقی وزیر خزانہ ڈاکٹر شمشاد اختراور نگران صوبائی وزیر صنعت و تجارت ایس ایم تنویر کی قیادت میں ملاقات کی۔ گورنر پنجاب نے فیڈریشن آف پاکستان چیمبرز آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے نومنتخب ار کان کو مبارکباد دی اور نیک خواہشات کا اظہار کیا۔اس موقع پرگفتگو کرتے ہوئے گورنر پنجاب بلیغ الرحمن نے کہا کہ فیڈریشن آف پاکستان چیمبرز آف کامرس اینڈ انڈسٹری اہم ترین کاروباری تنظیم ہے اور آپ کی کاروبار کے فروغ کی کوششیں معیشت کی ترقی میں اہم کردار ادا کررہی ہیں۔انہوں نے کہا کہ گورنر ہاﺅس کے دروازے کاروباری برادری کیلئے ہمیشہ کھلے ہیں۔گورنر پنجاب نے کہا کہ ملک میں صنعت و حرفت اور کاروبار کی ترقی سے سماجی واقتصادی ترقی ہوتی ہے۔انہوں نے کہا کہ نگران حکومت کے عوامی فلاح و بہبود کے منصوبوں اور تجارت کے فروغ کے اقدامات لائق تحسین ہیں۔ گورنر پنجاب نے کہا کہ پاکستان میں زراعت، فشریز اور دوسرے شعبوں میں ایکسپورٹس کے وسیع امکانات موجود ہے۔انہوں نے کہا کہ ہمیں اپنی برآمدات پر خصوصی توجہ دینا ہوگی تاکہ ریونیو کے ساتھ ساتھ ملک میں کاروبار اور روزگار کے زیادہ سے زیادہ مواقع میسر آسکیں۔اس موقع پر وفاقی نگران وزیر تجارت صنعت و پیداوار گوہر اعجاز نے کہا کہ ایف پی سی سی آئی بہت بڑا ادار ہ ہے اسے ریسرچ پر خصوصی توجہ دینا ہوگی تاکہ ملک میں زیادہ سے زیادہ صنعتیں لگیں اور پیداوار میں اضافہ ہو ۔ انہوں نے کہا کہ صنعت و تجارت کے فروغ سے ہی ملک میں ترقی اور خوشحالی آئیگی ۔وفد میں ریجنل چیئرمین، نائب صدر ایف پی سی سی آئی، ذکی اعجاز، آصف انعام نائب صدر ایف پی سی سی آئی، مومن علی ملک، الماس حیدر، میاں زاہد حسین اور دیگر شامل تھے ۔