ننکانہ صاحب: (چوہدری نصر اقبال)اسٹیٹ لینڈ پر قبضہ کرنے والوں کے خلاف بڑی کارروائی، 1126 کنال سرکاری زمین کو واگزار کرا لیا گیا۔
وزیر اعلیٰ پنجاب سید محسن رضا نقوی کی ہدایت اور کمشنر لاہور ڈویژن کی زیر نگرانی ڈپٹی کمشنر ننکانہ صاحب چوہدری محمد ارشد کی قبضہ مافیا سے سرکاری زمین کو واگزار کروانے کے لیے سیدوالہ کے نواحی گاوں ٹالی اعواناں میں بڑی کارروائی کی گئی۔ اسسٹنٹ کمشنر ننکانہ اللہ توکل وٹو، پولیس سمیت دیگر اداروں کے افسران آپریشن ٹیم کا حصہ تھے، کاروائی کے دوران 1126 کنال اسٹیٹ لینڈ کو واگزار کرا لیا گیا۔
اس موقع پر ڈپٹی کمشنر چوہدری محمد ارشد نے بتایا کہ اسٹیٹ لینڈ پر قبضہ کرنے والے منشاءنامی شخص نے غیر قانونی طور پر سرکاری زمین کو کاشت کر رکھا تھا جو کہ موقع سے فرار ہو چکا ہے جبکہ کاشت کی گئی سرکاری زمین میں ہل چلا کر زمین کو محکمہ ریونیو نے قبضہ میں لے لیا ہے۔انہوں نے کہا کہ متعلقہ شخص کے خلاف سخت قانونی کاروائی عمل میں لائی جا رہی ہے۔ڈپٹی کمشنر چوہدری محمد ارشد نے مزید کہا کہ اسٹیٹ لینڈ پر قبضہ کرنے والے عناصر کسی رعایت کے مستحق نہیں ہیں ان کے خلاف بلاامتیاز کارروائیاں جاری رہیں گی۔
ننکانہ صاحب میں 1126 کنال سرکاری زمین واگزار



















