تجاوزات کیخلاف بلاتفریق آپریشن جاری رکھا جائے، ڈپٹی کمشنر حافظ آباد

حافظ آباد: (بیورورپورٹ)ڈپٹی کمشنر حافظ آباد میڈم سند س ارشاد نے ضلعی انتظامیہ، میونسپل کمیٹیوں اور ضلع کونسل کے افسران کو ہدایت کی ہے کہ مارکیٹوں، بازاروں، شاہراوں اور دیگر عوامی مقامات پر تجاوزات کے خلاف بلا تفریق آپریشن کلین اپ جاری رکھا جائے اور بالخصوص شہر کے گلی،محلوں اور مین شاہراوں پر صفائی ستھرائی کے کاموں میں بہتری لائی جائے۔تجاوزات کے خاتمہ اور صفائی ستھرائی کے لیے میونسپل کمیٹی اور سینٹری ورکرز اور اینٹی انکروچمنٹ ٹیموں کی دو شفٹوں میں ڈیوٹی لگائی جائے تا کہ شہر کے گنجان آباد علاقوں سے تجاوزات کا خاتمہ ممکن بنایا جا سکے۔انہوں نے ان خیالا ت کا اظہار تجاوزات کے خاتمہ اور صفائی ستھرائی کے حوالے سے منعقدہ ایک اجلاس کی صدارت کر تے ہوئے کیا۔

ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ریونیو /ایڈمنسٹریٹر میونسپل کمیٹی حافظ آبا د امتیا ز علی بیگ، چیف آفیسر ضلع کونسل شہزاد اختر،سی او ایم سی پنڈی بھٹیاں اکرام اللہ سند ھو سمیت دیگر افسران اجلاس میں شریک تھے۔ ڈپٹی کمشنر نے ایم سی حافظ آباد کے افسران کو ہدایت کی کہ علی پور روڈ، گوجرانوالہ روڈ،فوارہ چوک،جلالپور روڈ،ونیکے روڈ سمیت شہر کے دیگر علاقوں، مین شاہراوں اور عوامی مقامات سے تجاوزات کا خاتمہ کیا جائے اور ان شاہراوں، بازاروں اورمارکیٹوں میں جگہ جگہ کھڑی ریڑھیوں کو فوری طو ر پر وہاں سے ہٹایا جائے۔

ڈپٹی کمشنر نے مزید ہدایت کرتے ہوئے ایم سی افسران کو کہا کہ شہر کے مختلف علاقوں میں صفائی ستھرائی کی صورتحال غیر تسلی بخش ہے اور فوری طور پر بہتر بنانے کی ضرورت ہے اس لیے سینٹری ورکرز اور اینٹی انکروچمنٹ ٹیموں کو مزید فعال بنایا جائے تاکہ اندرون شہر تجاوزات کے خاتمہ کے ساتھ ساتھ صفائی ستھرائی کے کاموں میں بھی بہتری نظر آئے۔ ڈپٹی کمشنر نے سی او ایم سی پنڈی بھٹیاں اکرام اللہ سندھو کو بھی ہدایت کی کہ پنڈی بھٹیاں، جلالپور بھٹیاں اور سکھیکی میں بھی تجاوزات کے خلاف آپریشن بلا تفریق جاری رکھا جائے اور ان علاقوں میں بھی صفائی ستھرائی کے کاموں کو مزید بہتر بنایا جائے۔