عارضی مویشی منڈی میں کرپشن انکوائری لٹک گئی،ملزموں کو بچانے کیلئے تاخیر ی حربے
لاہور( خبر نگار ) عارضی مویشی منڈی کی ادائیگیوں میں کرپشن اور اختیارات سے تجاوز کی انکوائری پر تاخیری حربے معمول، ریکارڈ کی فراہمی اور پیچیدہ معاملات کی سمجھ بوجھ رکھنے والے محکمانہ نمائندے کے تعین میں لیل ولعل سے کام لیا جانے لگا تاکہ سیکرٹری بلدیات احمد جاوید قاضی کو زیر کارروائی انکوائری سے لاعلم رکھا جاسکے،ذرائع کے مطابق انکوائری کا معاملہ فنانس سے متعلق ہے اسلئے محکمانہ نمائندہ فنانس سے ہونے کی بجائے ایسے افسروں کو بنائے جانے کی کوششیں ہو رہی ہیں جن کو فنانشل معاملات کی معمولی سی بھی سمجھ بوجھ نہیں، زیر کارروائی انکوائری کو متنازع اور ملزموں کو سہولت فراہم کرنے کےلئے اب محکمانہ نمائندے کے طور پر چیف افسر بلدیہ عظمیٰ اقبال فرید کا چناﺅ کرلیا گیا،قبل ازیں اختیار صرف چند روز کےلئے ڈپٹی چیف افسر ہیڈ کوارٹر کے پاس تھا،ذرائع کے مطابق ڈپٹی چیف افسر ہیڈ کوارٹر حارث جلیل کی غیر جانبدارانہ شہرت سے خائف دیگر ملزموں کی طرح سابق پی ایس او ٹو ایڈمنسٹریٹر نے محکمانہ نمائندے کی تبدیلی میں اپنے اثر و رسوخ کا آزادانہ استعمال کیا، دوسری جانب موشی منڈی کا سارا ریکارڈ جو سی پی آر و برانچ کا حصہ تھا انکوائری کو منطقی انجام تک پہنچانے کےلئے تاحال انکوائری افسر کی پہنچ سے دور رکھا جا رہا ہے، معلوم ہوا ہے ریکارڈ سابق پی ایس او ٹو ایڈمنسٹریٹر کی دسترس میں ہے جو مبینہ طور پر ریکارڈ فراہم کرنے میں تاحال رکاوٹ کا کردار ادا کررہا ہے۔



















