لاہور (کرائم رپورٹر) سکھ دھرم کے بانی بابا گرو نانک صاحب کے جنم دن کی تقریبات میں شرکت کیلئے پاکستان آئی سکھ فیملی نے سنٹرل پولیس آفس کا دورہ کیا۔ بھارتی شہر ہریانہ کرک شیتر سے آئے سردار کنول جیت سنگھ نے اہل خانہ کے ہمراہ آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور سے ملاقات کی، سکھ فیملی میں سردار کنول جیت سنگھ، سردار جرنیل سنگھ، بی بی رویندر کور اور سردار ہرپال سنگھ شامل،سکھ فیملی نے نوسربازی کرنے والے ملزمان کی گرفتاری، تمام رقم و مال مسروقہ کی برآمدگی پر آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور کا شکریہ ادا کیا، سکھ فیملی کے سربراہ سردار کنول جیت سنگھ نے فوری رسپانس اور ریکارڈ وقت میں ملزمان کی گرفتاری پر پنجاب پولیس کو بہترین فورس قرار دیا۔ دریں اثناء آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور سے ٹرانس جینڈر کمیونٹی کے وفد نے ملاقات کی، خدمت مرکز لبرٹی کی وکٹم سپورٹ افسر زنایہ چوہدری کی قیادت میں آئے وفد میں ٹرانس ایکٹوسٹ شہزادی رائے، نیلی رانا، ٹرانس فلمسٹار علینہ اور عروہ شامل تھے جبکہ اس موقع پر پنجاب پولیس کے وکٹم سپورٹ افسران معصومہ علی، کشش خان اور ازنا خانزادی بھی موجود تھے۔ علاوہ ازیں ڈاکٹر عثمان انو رنے کہا ہے کہ وزیر اعلیٰ پنجاب کے ویژن کے مطابق صوبہ کے تمام تھانوں کو سپیشل انیشئیٹو پروٹوکول پر منتقل کیا جا رہا ہے۔ دوران اجلاس آئی جی پنجاب نے رواں سال پولیس خدمات کے شعبوں میں مختلف اضلاع کی کارکردگی اور سٹیزن فیڈ بیک میکنزم کا جائزہ لیا اور شہریوں کو فراہم کی جانے والی سہولیات بارے فیڈ بیک میکنزم مزید موثر اور فعال بنانے کی ہدایت کی۔ دوسری طرف آئی جی پنجاب نے سنٹرل پولیس آفس میں کھلی کچہری کا انعقاد کیا، آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے شہریوں اور پولیس ملازمین کے مسائل سن کر احکامات جاری کئے۔آئی جی پنجاب نے افسران کو ہدایت دیتے ہوئے کہا کہ شہریوں کے مسائل کا ازالہ اولین ترجیح، دانستہ تاخیر کسی صورت برداشت نہیں۔ آئی جی پنجاب نے کہاکہ شہریوں کی درخواستوں کے ازالے میں تاخیر کے مرتکب افسران کو فیلڈ پوسٹنگ سے ہٹا دیا جائے گا۔ آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے شہریوں کی درخواستوں پر متعلقہ سپروائزری افسران سے رپورٹس طلب کرلیں۔
سکھ بھائیوں کی طرف سے پولیس پر بھرپور اظہار اعتماد پر مشکور ہیں :آئی جی پنجاب



















