رحیم یار خان، آپریشن میں 4 ڈاکو ہلاک، 2 اہلکاروں سمیت 4 شہری شہید

لاہور+ رحیم یار خان (کرائم رپورٹر+ مشرق نیوز) کچہ ماچھکہ میں ماچھی اور شر قبائل کے درمیان دیرینہ دشمنی کی بنا پر فائرنگ کا تبادلہ، پولیس کو اطلاع ملتے ہی فوری رسپانس ڈی پی او رضوان عمر گوندل کی قیادت میں بھاری نفری موقع پر پہنچ گئی، پولیس کارروائی میں چار ڈاکو ہلاک دو زخمی راکٹ لانچر برآمد، قبائل کے مابین فائرنگ کے تبادلے میں ماچھی قبیلہ کے تین افراد جاں بحق سیلرا برادری کی راہگیر خاتون فائرنگ کی زد میں آکر ماری گئی، ڈاکووں کیخلاف کارروائی میں دو پولیس اہلکار بھی شہید اور چار زخمی ہوئے۔ ایڈیشنل آئی جی پنجاب پولیس مقصود الحسن اور آر پی او بہاولپور رائے بابر سعید بھی موقع پر پہنچ گئے۔ تفصیلات کے مطابق تھانہ ماچھکہ پولیس کو اطلاع ملی کہ اندروں کچہ میں شر اور ماچھی قبائل کے درمیان فائرنگ کا شدید تبادلہ ہو رہا ہے جس پر اے ایس پی بنگل خان بگٹی کی نگرانی میں سرکل ایس ایچ اوز بھاری نفری، جدید اسلحہ اور بکتر بند گاڑیوں کے ہمراہ موقع کی طرف روانہ ہوئے۔ دریں اثناءڈی پی او رضوان عمر گوندل بھی قیادت کیلئے ان کے پاس جا پہنچے جہاں پر ڈاکوو¿ں نے پولیس پر راکٹ لانچر و دیگر ہتھیاروں سے فائرنگ کر دی پولیس کی منہ توڑجوابی کارروائی میں چار ڈاکو جن میں بدنام زمانہ خطرناک عمرشر، رحم دل شر، علینو شر، کرمو کوش و دیگر شامل ہیں ہلاک ہو گئے اور دو خطرناک ڈاکو رانو شر اور غلام محمد شر زخمی ہوئے، جبکہ پولیس اہلکار محمد قاسم اور ایلیٹ فورس کے ارشاد ڈاکوو¿ں کی فائرنگ کی زد میں آکر شہید ہو گئے جبکہ پولیس اہلکار محمد آصف، غلام سرور، عمران اور عبدالرزاق زخمی ہوئے جن کو فوری طور پر علاج معالجہ کیلئے شیخ زید ہسپتال منتقل کر دیا گیا۔ڈی پی او رضوان عمر گوندل نے کہا کہ آئی جی پنجا ب کے حکم پر کچہ میں امن و امان کی صورت حال کو خراب کرنے والوں کے خلاف آہنی ہاتھوں سے نمٹا جائےگا، پولیس اپنی پیشہ ورانہ ذمہ داریاں نبھاتے ہوئے عوام کی جان ومال کا تحفظ ہر صورت یقینی بنائےگی۔دوسری طرف آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے شہید پولیس اہلکاروں کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ کچہ کے علاقہ کو دہشت گرد ڈاکوو¿ں سے پاک کرنے کے لیے بہادر پولیس اہلکاروں نے عوام کی جان ومال کا تحفظ یقینی بناتے ہوئے فرض کی راہ میں جام شہادت نوش کیا اور زخمی ہوئے، پولیس شر پسندوں، دہشت گردوں اور مجرمان کے خلاف سیسہ پلائی دیوار ہے، انہوں نے کچہ کے دہشت گردوں کے خلاف آپریشن جاری رکھنے کا حکم دیا اور زخمی پولیس اہلکاروں کے بہترین علاج معالجہ کی ہدایت بھی کی۔