نیویارک (بیورو رپورٹ) مکی مسجد کونی آئی لینڈ بروکلین نیویارک کے قریب فوسٹر ایونیو سٹریٹ نمبر 8 کے گھر میں لگنے والی آگ کے باعث جھلسنے والا 23 سالہ معذور نوجوان ندیم مقصود دم توڑ گیاجبکہ اسکا دوسرا بھائی 20 سالہ خورشید مقصود ہسپتال میں زندگی اور موت کی کشمکش میں مبتلا ہے۔ خاندان کے سربراہ حاجی مقصود مکی مسجد کے خزانچی اور متعدد پراپرٹیز کے مالک ہیں۔ کمیونٹی میں یہ افسوسناک خبر جنگل کی آگ کی طرح پھیل گئی۔ معذور نوجوان ندیم مقصود کی دیکھ بھال کیلئے کوئی بھی شخص گھر میں موجود نہ تھا جبکہ نیویارک سٹیٹ معذور اور بزرگ شہریوں کی دیکھ بھال کیلئے باقاعدہ ملازم دیتی ہے لیکن ایکی دیکھ بھال کیلئے کوئی بھی ورکر موجود نہ تھا جو کہ ایک سوالیہ نشان ہے۔ پولیس نے اس سانحہ کی تفتیش شروع کردی ہے۔ تفتیش مکمل ہونے کے بعد مرحوم کی نماز جنازہ کا اعلان کیا جائیگا۔ پاکستانی، امریکن کمیونٹی کو اس المناک سانحہ پر تشویش ہے اور دعا گو ہے کہ اللہ پاک مرحوم کے درجات بلند کرے اور لواحقین کو صبر و جمیل عطا کرے۔
نیویارک، آتشزدگی میں جھلسنے والا معذور نوجوان جاں بحق

















