ذیابیطس کی شرح بڑھنے سے مزید ہزاروں ڈائیلسز مشینیں درکار ہیں :ڈاکٹر جاوید اکرم

لاہور (ہیلتھ رپورٹر) نگران صوبائی وزیر صحت پروفیسر ڈاکٹر جاوید اکرم نے محکمہ سپیشلائزڈ ہیلتھ کیئر اینڈ میڈیکل ایجوکیشن میں وڈیو لنک کانفرنس کے ذریعے وفاقی وزیر صحت ڈاکٹر ندیم جان کی زیر صدارت بین الصوبائی وزراءاجلاس میں شرکت کی۔اجلاس میں نگران صوبائی وزیر محکمہ پرائمری اینڈ سیکنڈری ہیلتھ کیئر ڈاکٹر جمال ناصر، وزیر صحت سندھ، وزیر صحت خیبر پختونخوا و دیگر افسران نے بھی شرکت کی۔اجلاس کے دوران سرکاری ہسپتالوں میں مریضوں کیلئے طبی سہولیات، نیشنل میڈیسن فریم ورک، ادویات، ذیابیطس اور ہیپاٹائٹس پر قابو پانے سمیت دیگر اقدامات کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔نگران صوبائی وزیر صحت پروفیسر ڈاکٹر جاوید اکرم نے کہاکہ وفاقی وزیر صحت ڈاکٹر ندیم جان کی جانب سے صحت کے شعبہ کی بہتری کیلئے بین الصوبائی وزراءصحت کا اجلاس منعقد کرنے کا اقدام انتہائی خوش آئند ہے۔ پروفیسر ڈاکٹر جاوید اکرم نے کہاکہ ذیابیطس پاکستان میں تیزی سے پھیلنے والی بیماری بن چکی ہے۔ پاکستان میں ذیابیطس کے مرض پر قابو پانے کیلئے خصوصی ٹاسک فورس بنانی ہوگی۔انہوں نے کہاکہ پاکستان میں ذیابیطس کی شرح بڑھنے سے مزید ہزاروں ڈائیلسز مشینیں درکار ہیں۔ ذیابیطس پر قابو پانے کیلئے ہمیں اینٹی نیٹل کیئر کو بہتر بنانا ہوگا۔صوبائی وزیرصحت پروفیسر ڈاکٹر جاوید اکرم نے کہاکہ وزیر اعلیٰ پنجاب سید محسن نقوی کی قیادت میں صوبہ بھر کے سرکاری ہسپتالوں میں مریضوں کیلئے آسانیاں پیدا کر رہے ہیں۔ پنجاب کی طبی درسگاہوں میں کوالٹی ریسرچ پر خاص توجہ دی جا رہی ہے۔ پنجاب کے 100 سے زائد سرکاری ہسپتالوں کی ری ویمپنگ کی جا رہی ہے۔ دریں اثناء نگران صوبائی وزیر صحت پروفیسر سے محکمہ سپیشلائزڈ ہیلتھ کیئر اینڈ میڈیکل ایجوکیشن میں یونیورسٹی آف مینیٹوبا کینیڈا کے وفد نے ملاقات کی۔اس موقع پر ایگزیکٹو ڈائریکٹر انسٹیٹیوٹ آف گلوبل پبلک ہیلتھ کینیڈا جیمز بلینچرڈ، ڈائریکٹر سی ڈی سی پنجاب ڈاکٹر یداللہ و دیگر موجود تھے۔جیمز بیلنچرڈ نے اس موقع پر صحت کے شعبہ میں مزید بہتری کیلئے بریفنگ بھی دی۔نگران صوبائی وزیر صحت پروفیسر ڈاکٹر جاوید اکرم نے کہاکہ صحت کے شعبہ میں بین الاقوامی سٹیک ہولڈرز اہم کردار ادا کر رہے ہیں۔ اللہ تعالیٰ نے مجھے دنیا کے پانچ ممالک میں خدمت انسانیت کا موقع فراہم کیا ہے۔پروفیسر ڈاکٹر جاوید اکرم نے کہاکہ پاکستان اگلے بیس سال بعد دنیا کا تیسرا بڑا ملک بننے جا رہا ہے۔ ہمیں پاکستانی عوام کو اسی تناسب سے صحت کی بہتر سہولیات فراہم کرنا ہوں گی۔ انہوں نے کہاکہ پبلک ہیلتھ کا شعبہ لاکھوں افراد کی صحت کا ضامن ہوتا ہے۔صوبائی وزیرصحت پروفیسر ڈاکٹر جاوید اکرم نے کہاکہ پاکستان سوسائٹی آف انٹرنل میڈیسن پوری دنیا میں ڈاکٹرز کمیونٹی کی نمائندگی کر رہی ہے۔ آپکا کلینک کے نام سے عوام کیلئے ایک بہترین مفت علاج گاہ کامیابی سے چلا رہے ہیں۔ نگران صوبائی وزیر صحت پروفیسر ڈاکٹر جاوید اکرم نے یونیورسٹی آف مینیٹوبا کینیڈا کے وفد کا آپکا کلینک کا بھی دورہ کروایا اور فراہم کی جانے والی طبی سہولیات کی تفصیلات سے آگاہ کیا۔ایگزیکٹو ڈائریکٹر انسٹی ٹیوٹ آف گلوبل پبلک ہیلتھ جیمز بلینچرڈ نے کہاکہ آپکا کلینک عام عوام کیلئے علاج و معالجہ کی ایک بہترین سہولت ہے۔ جیمز بلینچرڈ نے پروفیسر ڈاکٹر جاوید اکرم کی طبی خدمات کو سراہا۔