پولیس، انتظامیہ کی ملی بھگت، دکانداروں نے سمارٹ لاک ڈاﺅن کے احکامات ہوا میں اُڑا دئیے

لاہور (مرزا ندیم بیگ) صوبائی دارلحکومت میں مکمل لاک ڈاﺅن کے باوجود دکانداراپنے کاروبار کرنے میں مصروف رہے۔ٹھوکر نیاز بیگ ،علی ٹاﺅن سمیت شہر کے مختلف مقامات پر کھلنے والے دکانوںنے سمارٹ لاک ڈاﺅن کے احکامات ہوا میں اڑا دیئے۔تفصیلات کے مطابق گورنمنٹ نے سموگ کے پیش نظر جمعہ اور ہفتہ کے روز مارکیٹس 3 بجے کے بعد کھولنے کے احکامات دیئے تھے جس پر پولیس عملدرآمد کرواتی رہی لیکن اتوار کے روز سختی سے احکامات جاری کئے گئے تھے کہ صوبائی دارلحکومت میں مکمل لاک ڈاﺅن کروایا جائے۔ گذشتہ روز شہر کے مختلف علاقوں میں پولیس کے تعاون یا چوری چھپے دکاندار اپنی مدد آپ کے تحت دکانیں کھول کر کاروبار کرتے رہے، خاص کر گلی محلوں میں دکاندار کاروبار کرتے رہے۔ اس حوالے سے سٹی ڈویژن رابطہ کرنے پر بتایا گیا ہے کہ ہفتہ کی رات احکامات ملے تھے کہ اتوار کو مکمل لاک ڈاﺅن ہو گا اسلئے خاص کر مین روڈ پر جو دکانیں ہیں وہ کھلنے نہ دی جائیں، پولیس اس پر ایکشن لے رہی ہے جبکہ اس کے علاوہ دیگر علاقوں میں بھی دکانداروں او ر پولیس میں آنکھ مچولی جا رہی لیکن صدر ڈویژن میں مصروف ترین روڈ جن میں ٹھوکر نیاز بیگ جہاں ایک بڑا بازار ہے وہاں تقریباً تمام دکانیں کھلی رہیں وہاں خریداروں کا رش دیکھنے میں آیا۔ اسکے علاوہ علی ٹاﺅن کے قریب بھی مین روڈ پر کھانے پینے کی اشیاء،بیکری،پان سگریٹ کی دکانیں کھول کر دکاندار اپنے کاروبار کرنے میں مصروف رہے بلکہ علی ٹاﺅن کے قریب مین روڈ پر پولیس کی گاڑی کھڑی تھی جس میں سب انسپکٹر اپنی ڈیوٹی کے فرائض بخوبی سرانجام دے رہا تھا۔ دکانیں کسی نے بھی بند کروانا گوارہ نہ کیا اس حوالے سے مختلف مقامات کے رہائشی افراد کا کہنا تھا کہ پاکستان میں مسئلہ کوئی بھی شامت غریب کی آتی ہے جو چھوٹے دکاندار یا دیہاڑی لگانے والے مزدور ہیں۔ آج کو جب تین دن صحیح طرح کام نہیں کرنے دیا جائے گا تو وہ کیا کرے گا جس طرح مہنگائی نے جینا دوبھر کر رکھا ہے ایک گھر کے سارے افراد بھی کماتے ہوں تو اب گذارہ بڑی مشکل سے ہوتا ہے اور جس گھر میں کمانے والا ہی ایک ہو وہ کہاں جائے،ابھی جن دکانداروں نے لاک ڈاﺅن کے احکامات کو ہوا میں اڑا دیا ہے وہ اثر وروسوخ والے ہوں گے یاپولیس والوں سے معاملات طے ہونگے اسی لئے وہ دھڑلے سے سرعام مین شاہراﺅں پر کاروبار کرنے میں مصروف ہیں یہاں پھنس غریب گیا جس کے پیچھے کوئی سفارش بھی نہیں اور دینے کے لئے پیسہ بھی نہیں، ان کا کہنا تھا کہ سموگ سے مختلف بیماریاں یا نقصانات جو بھی ہیں ہو رہے ہوں گے لیکن اس کا کہاں حل ہے کہ لوگوں کے روزگاری بند کر دیئے جائیں حل تو ان کو یہ نکالنا چاہئے کہ سموگ کی وجہ جو ہے اسے ختم کیا جائے ایسی گاڑیاں یا فیکٹریاں جن کی وجہ سے ایسا ہو رہا ہے ا،نکے خلاف ایکشن لیا جائے، سموگ پیدا کرنے والے جو بزنس مین ہیں ان کے خلاف گورنمنٹ سے التجا ہے کارروائیاں کریں جو گاڑیاں دھواں دیتی ہیں ان کے اور جن افسران نے ان کو کلیئرنس سرٹیفکیٹس دئیے روڈ پر آنے کیلئے انکے خلاف کارروائی کی جانی چاہئے، اصل ذمہ داروں کے خلاف جب ایکشن ہو گا تو سموگ والا معاملہ ختم ہو جائیگا ۔