قونصل جنرل نیویارک عامر خان آتو زئی کی مسئلہ کشمیر پر ”دکھاوا میٹنگ“

نیویارک (خواجہ فاروق) قونصل جنرل نیویارک عامر خان آتوزئی کی مسئلہ کشمیر پر ”دکھاوا میٹنگ“.... صرف 6 افراد کو بلانا کشمیریوں کے زخموں پر نمک پاشی کے مترادف۔ تفصیلات کے مطابق روزنامہ ”مشرق“ کی جانب سے مسئلہ کشمیر پر سفارتی نااہلی بے نقاب کرنے اور سینیٹر خالد شاہین بٹ کی جانب سے معاملہ ایوان میں اٹھائے جانے پر قونصل جنرل نیویارک عامر خان آتوزئی نے حکومت، کمیونٹی اور کشمیریوں کی آنکھوں میں دھول جھونکنے کیلئے پرانی روایت پر چلتے ہوئے دکھاوا میٹنگ بلائی جس میں خودمختار کشمیر کا پرچار کرنیوالے راجہ مختار، امتیاز گڑالوی، سابق ممبر کشمیر کونسل اور تحریک انصاف کے رہنما سوار خان، (ن) لیگی رہنما راجہ رزاق، سوار خان کے بیٹے ساجد سوار سمیت صرف 6 افراد کو مدعو کیا گیا۔ دکھاوا اجلاس میں آنیوالے یوم سیاہ کے موقع پر کہیں نظر نہیں آئے اور اب سرخ ٹائیاں لگاکر فوری چلے آئے۔ اوورسیز پاکستانیوں اور کشمیر ی کمیونٹی نے شدید تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا قونصل جنرل نیویارک عامر خان آتوزئی کا یہ اقدام مظلوم کشمیری بہن بھائیوں کے زخموں پر نمک پاشی کے مترادف ہے۔ میٹنگ کا مقصد حکومت، کمیونٹی اور کشمیریوں کو دھوکہ دینے کے سوا کچھ نہیں۔ امریکہ میں تعینات ٹرائیکا منیر اکرم، سردار مسعود خان اور عامر خان آتوزئی مسئلہ کشمیر کو پس پشت ڈال کر ڈرامے بازی کررہے ہیں تاکہ روزنامہ ”مشرق“ اور سینیٹر خالد شاہین بٹ کی جانب سے اٹھایا جانے والا معاملہ دب جائے۔ اوورسیز پاکستانیوں و کشمیری کمیونٹی نے مزید کہا ٹرائیکا سن لے ہم مسئلہ کشمیر کو دبانے کی ہر سازش ناکام بنائیں گے۔ وزیراعظم انوار الحق کاکڑ اور آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر پاکستانی و کشمیری کمیونٹی کی آواز بنیں اور فوری طور پر نااہل سفارتکاروں کی جگہ ملک و قوم اور کشمیریوں سے مخلص افسروں کو تعینات کریں۔