علاقے کو امن کا گہوارہ بنا دیا: ایس ایچ او تھانہ اسلام پورہ

لاہور (حافظ کاشف سندھو سے) ایس ایچ او اسد قریشی کی تعیناتی سے اسلام پورہ کے تاجروں میں تحفظ کا احساس پیدا ہوا ہے ،علاقہ سے جرائم کو ختم کرنے کیلئے انہوں نے جو اقدامات کئے وہ قابل ستائش ہیں۔تھانہ اسلام پورہ کے علاقہ مکینوں اور تاجروں عرفان ،روحان ،عظمت ، ذوالفقاربلال و دیگر نے اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ ایس ایچ او تھانہ اسلام پورہ اسد قریشی کی تعیناتی سے قبل علاقہ میں بدمعاشوں،غنڈہ عناصر،چوروں،ڈاکووں اور منشیات فروشوں کا راج تھا۔اس علاقہ میں شرفاءکا رہنا مشکل ہو چکا تھا اور قبضہ مافیا بھی مکمل طور پر اپنے پنجے گاڑ چکا تھا۔ تاجروں کو کاروبار کرنے میں انتہائی مشکلات کا سامنا تھا جبکہ چوری، ڈکیتی اور راہزنی کی وارداتوں کا ہونا بھی معمول بن گیا تھا لیکن افسران بالا نے عوامی شکایت پر فوری ایکشن لیتے ہوئے علاقہ سے جرائم کو ختم کرنے کی خاطر اسد قریشی جیسے ہونہار اور قابل آفیسر کواسلام پورہ کا چارج سونپ دیا جنہوں نے اپنی ذمہ داریاں سنبھالنے کے فوری بعد علاقہ سے منشیات فروشی اور غنڈہ گردی کے خاتمہ کو یقینی بنانے کیلئے سخت اقدامات کیے اور منشیات فروشوں کی پکڑ دھکڑ کا سلسلہ بھی شروع کیا جبکہ اپنی پیشہ وارانہ صلاحیتوں کو بروئے کار لاتے ہوئے مجرمان کے گرد گھیرا تنگ کیا شہریوں نے مزید کہا کہ ایس ایچ او تھانہ اسلام پورہ اسد قریشی نے سائلین کو انصاف فراہم کرنے میں بھی کوئی کسر نہیں چھوڑی۔ان کی انہیں کاوشوں کی وجہ سے تھانہ اسلام پورہ کا علاقہ امن کا گہوارا بن چکا ہے اسلام پورہ کے تاجر اور علاقہ مکین ان سے انتہائی خوش ہیں۔ ایس ایچ او اسلام پورہ اسد قریشی نے روزنامہ ”مشرق“ سے گفتگو کرتے ہوئے کہا عوام کے جان و مال کو تحفظ فراہم کرنا پولیس کی ذمہ داری ہے،منشیات فروشوں اور ناجائز اسلحہ رکھنے والوں سمیت دیگر جرائم میں ملوث افراد کیخلاف سخت ایکشن لیا جائیگا۔ جرائم پیشہ افراد جرم کرنا چھوڑ دیں یا علاقہ بدر ہوجائیں کسی کو بھی قانون ہاتھ میں لینے کی اجازت نہیں دی جائیگی۔ انہوں نے کہا شریف شہریوں کیلئے میرے دروازے 24 گھنٹے کھلے ہیں۔ شہری اپنے مسائل کے حل کیلئے بنا روک ٹوک مجھ سے مل سکتے ہیں ان کی جائز شکایات کا فوری ازالہ کیا جائیگا۔ علاقے میں ہونے والے جرائم کی روک تھام کیلئے بہتر اقدامات کئے جا رہے ہیں اور اشتہاری مجرمان کی گرفتاریوں کیلئے مختلف مقامات پر چھاپے بھی مار رہے ہیں۔ انہوں نے کہا مجھے تعینات ہوئے تقریبا ایک ماہ ہوا ہے اس دوران ہم نے مختلف کاروائیوں میں ناجائز اسلحہ کے 26 مقدمات درج کر کہ 23 پسٹل 6 رائفلز 336 گولیاں برآمد کیں ،منشیات کے 16 مقدمات درج کر کہ 7 کلو 795 گرام چرس 105 لیٹر شراب برآمد کی اسی طرح قمار بازی کے 2 مقدمات درج کر کہ 15 ملزمان کو گرفتار کر چکے ہیں انہوں نے مزید کہا کہ شہریوں کے جان و مال کو تحفظ فراہم کرنا پولیس کی ذمہ داری ہے اور ہم یہ ذمہ داری آئی جی پنجاب، سی سی پی او لاہور اور ڈی آئی جی آپریشنز کے احکامات کی روشنی میں اپنی جانوں کے نظرانے دیکر بھی نبھائیں گے۔