واسا، کلورین چوری میں ملوث افسران، ملازمین کیخلاف کارروائی ،ڈائریکٹر ریونیو انکوائری افسر مقرر

لاہور (قمر عباس) ایم ڈی واسا کا کلورین چوری میں ملوث افسران وملازمین کے خلاف وسیع پیمانے پر کارروائی، 8 ٹاﺅنز سمیت کلورین سٹور کا ریکارڈ قبضہ میں لینے کا فیصلہ، مستقل محکمانہ انکوائری پر ڈائریکٹر ریونیو آفیسر مقرر ،ابتدائی انکوائری میں ڈی ایم ڈی ایڈمن اینڈ فنانس نے سب انجینئرز معطل کر دئیے۔ انتظامیہ کا کلورین چوری میں دیگر افسران و ملازمین کو شامل تفتیش کرنے کی کارروائی کا آغاز کر دیا۔تفصیلات کے مطابق واسا شالیمار ٹاﺅن کی سب ڈویژن شادباغ میں کلورین چوری کے خلاف ابتدائی طور پر انکوائری کا آغاز کیا گیا جس میں ایم ڈی واسا کے احکامات پر ڈی ایم ڈی ایف اے اینڈ آر میاں منیر سے ابتدائی انکوائری کروائی گئی جس میں شالیمارٹاﺅن اور راوی ٹاﺅن کی سب ڈویژن کا ریکارڈ حاصل کرتے ہوئے دو سب انجینئرز جن میں مصری شاہ سب ڈویژن کے اسد کمال اور شادباغ سب ڈویژن کے حسن طارق جبکہ کلورین چورگروپ کے سرغنہ سرور نت کو معطل کیا گیا ہے۔ کلورین چوری میگا سکینڈل کی مستقل انکوائری کرنے کی خاطر ایم ڈی واسا کی منظوری کے بعد ڈائریکٹر ریونیو مرتضیٰ حسن کو انکوائری آفیسر مقرر کیا گیا ہے۔ اس منظوری میں لاہور کی تمام ٹاﺅنز میں کلورین کے استعمال اور سٹور سے وصول کی جانیوالی ریکارڈ کو قبضہ میں لینے کے احکامات جاری کئے گئے ہیں۔ ذرائع کے مطابق کلورین سٹور کی انتظامیہ بھی کلورین چوری میں ملوث ہونے کا انکشاف کیا گیا ہے اسکا ریکارڈ بھی حاصل کیا جائےگا۔ واسا انتظامیہ کی جانب سے شہر بھر میں 622کے قریب ٹیوب ویلز جو کہ 1442کیوسک کی پاور رکھتے ہیں ان ٹیوب ویلز پر یومیہ 8086لٹر استعمال بنتا ہے اور ماہانہ دو لاکھ 42ہزار 5سو 80 ( 242580)اور سالانہ تقریبا ً29 لاکھ 10 ہزار 960 ایک اندازے کے مطابق استعمال ہونا چاہیے۔ اس پر واسا انتظامیہ کی جانب سے سالانہ بجٹ میں 10 کروڑ روپے مختص کر رکھے ہیں، اسکی خریداری اور تقسیم کرنے کی ذمہ داری ڈائریکٹر پی اینڈ ایس و دیگر افسران و ملازمین کو تفویض کر رکھی ہے۔ واسا ذرائع کے مطابق محکمہ کی جانب سے کلورین فی لٹر 33وپے میں خرید رہا ہے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ انتظامیہ کی جانب سے خریدی گئی کلورین کا ٹیوب ویلز پر 10فیصد سے بھی کم استعمال کیا جا رہا ہے۔ ذرائع کے مطابق کلورین چوری اور مقدار سے ذائد جاری اور حاصل کرنے والے افسران و ملازمین کو بھی شامل تفتیش کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ ایم ڈی واسا سے حاصل کی جانے والی منظوری میں کلورین چوروں کے خلاف بلا امتیاز کارروائی کرنے کی استدعا کی گئی تھی مزید کلورین چوری اور اس میں ملوث افسران وملازمین کے خلاف گیرا تنگ کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے جو ریگولر انکوائری کا حصہ ہو گا۔ روزنامہ ”مشرق“ کے بیٹ رپورٹر قمر عباس نقوی کی جانب سے کلورین چوری کی تحقیقاتی مکمل ثبوت کے ساتھ نشاندہی کی تھی جس پر واسا انتظامیہ کی جانب سے کارروائی کا آغاز کیا گیا۔ واسا ترجمان کا کہنا ہے کہ کلورین چوری کے معاملہ میں ڈی ایم ڈی ایڈمن اینڈ فنانس کی جانب سے ریگولر انکوائری کی منظوری حاصل کرتے ہوئے ڈائریکٹر ریونیو مرتضیٰ حسن کو انکوائری آفیسر مقرر کرنے کی منظور حاصل کرنے سمیت شہر بھر کی واسا کی 8ٹاﺅنز میں کلورین کا ریکارڈ قبضہ میں لینے کی بھی منظوری حاصل کی گئی ہے۔ فائل ڈائریکٹر ایڈمن کو ارسال کر دی گئی ہے۔ ایم ڈی واسا کلورین چوری کیس میں ذاتی دلچسپی لے رہے ہیں کیونکہ کلورین کا براہ راست تعلق شہریوں کی صحت سے ہے، کلورین چوری میں ملوث افسر یا ملازم جتنا بھی با اثر ہو گا سزا سے بچ نہیں سکے گا ۔