کراچی (بیورو رپورٹ) صدر ایف پی سی سی آئی عرفان اقبال شیخ نے آئی ایم ایف کے ساتھ سٹینڈ بائی ایگریمنٹ پر سٹاف لیول معاہدے سے متعلق پہلے جائزے کی کامیابی کا خیرمقدم کیا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ تاجر برادری تمام تر مشکلات اور کاروبار کرنے کی ناقابل برداشت لاگت کے باوجود حکومتی محصولات کے ہدف کو عبور کرنے کیلئے حکومت کے ساتھ کھڑی رہی۔ سب سے بڑھ کر بجلی، گیس اور پیٹرولیم کی قیمتوں میں کئی گنا اضافے کے نتیجے میںکاروباری ادارو ں نے بے پنا ہ نقصانات برداشت کئے ہیں۔ عرفان اقبال شیخ نے ایف پی سی سی آئی کے اس موقف کا اعادہ کیا کہ پاکستان کو آئی ایم ایف سے چھٹکارا حاصل کرنے کیلئے ایک ٹھوس، عملی اور کاروبار دوست پلان دینا چاہیے تاکہ آئی ایم ایف کی غیر ضروری اور بے رحم شرائط سے جان چھڑائی جا سکے کہ کاروباری اور معاشی ترقی کے تمام امکانات کو ختم کر دیتی ہیں۔ انہو ں نے واضح کیا کہ پاکستان کو مارچ 2024 میں موجودہ جاری 9 ماہ کے اسٹینڈ بائی ایگریمنٹ کی تکمیل کے بعد اپریل 2024 میں دوبارہ IMF کے دروازے پر دستک دینے کے بجائے تجارت اور صنعت کو فروغ دینا چاہیے اور ہم اس طرح آئی ایم ایف کے قرضوں کی بانسبت زیادہ وسائل پیدا کر سکتے ہیں۔صدرایف پی سی سی آئی نے سوال کیا کہ حکومت کی اقتصادی ٹیم اب تک کثیرالجہتی ذرائع اور عالمی مالیاتی اداروں جیسے کہ ورلڈ بینک، انٹرنیشنل فنانس کارپوریشن (IFC)، ایشیائی ترقیاتی بینک (ADB) اور اسلامی ترقیاتی بینک (IDB) سے سستی بیرونی فنانسنگ کے دیگر ذرائع کیوں حاصل نہیں کر سکی ہے؟ یہ بات قابل غور ہے کہ SBA۔IMF کا آغاز 5 ماہ قبل جولائی 2023 میںہوا تھا۔عرفان اقبال شیخ نے وضاحت کی کہ عالمی مالیاتی اداروں کے ساتھ انسیٹیویشنل انتظامات کی کمی کی وجہ سے پاکستان موجودہ آئی ایم ایف پروگرام کو مکمل کرنے کے لیے دوست ممالک سے دو طرفہ قرضوں پر انحصار کرتا رہے گا ؛ جبکہ ہماری ترجیح دوست ممالک کے ساتھ سرمایہ کاری، تجارت اور صنعتی تعاون ہونا چاہیے تھا۔صدر ایف پی سی سی آئی عرفان اقبال شیخ نے مطالبہ کیا کہ اب حکومت کو کمرشل بینکوں کی جانب سے ڈالر کی قیاس آرائی پر مبنی تجارت پر اپنی ریگولیٹری نگرانی کو سخت کرنا چاہیے؛ کیونکہ انٹربینک مارکیٹ نے سوائے آج کے گزشتہ 3 ہفتوں یا 17 تجارتی سیشنوں کے دوران پاکستانی روپے کی قدر میں کمی کو ظاہر کیا ہے ۔ مزید برآں ،جیسا کہ اس ہفتے کے شروع میں ایف پی سی سی آئی نے اشارہ کیا تھا کہ تیل کی بین الاقوامی منڈیوں میں مندی کا رجحان ہے اور آج یہ 80.90 ڈالر فی بیرل پر آ گیا ہے۔ انہوں نے اس بات پر بھی مایوسی کا اظہار کیا کہ حکومت نے 16 نومبر تا 30 نومبر 2023 تک کے دنوں کے لیے تیل کی بین الاقوامی قیمتوں میں کمی کی وجہ سے حاصل ہونے والے فوائد کو عوام تک منتقل نہیں کیا ہے۔صدرایف پی سی سی آئی نے 2021 اور2022 سالوں میں کمرشل بینکوں کے ونڈ فال یا ناجائز منافع خوری پر 40 فیصد مجوزہ ٹیکس کا خیر مقدم بھی کیا۔ساتھ ہی ساتھ انہوں نے پُر زور مطالبہ کیا کہ اب اسٹیٹ بینک آف پاکستان کے پالیسی ریٹ اور ایکسپورٹ فنانس اسکیم (EFS) اور طویل مدتی فنانسنگ سہولت (LTFF) کی شرحوں میں معقول کمی کی جانی چاہیے۔ایف پی سی سی آئی کے سنیئر نائب صدر محمد سلیمان چاﺅلہ نے تجویز پیش کی کہ حکومت تاجر برادری کے ساتھ اعتماد سازی کے اقدامات کا اعلان کرے اور یوٹیلیٹی بلوں میںکمی اور کاروباری قرضوںکی شرحوں کو کم کرنا پاکستان کو صنعت و تجارت کی مدد سے نسبتاً تیز اقتصادی ترقی کے راستے پر ڈالنے کی طرف پہلا قدم ہو سکتا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ علاقائی اور بین الاقوامی مسابقتی منظر نامے کے پیش نظر 10 فیصد کی شرح سے زیادہ کوئی بھی EFS، LTFF یا TERF پروگرام بے سودہے۔
آئی ایم ایف کے ساتھ سٹاف لیول معاہدے خیرمقدم کرتے ہیں: عرفان اقبال شیخ



















